امریکا کی پاکستان کو موسمیاتی سربراہی اجلاس میں شرکت کی دعوت

212

اسلام آباد: امریکا نے پاکستان کو ورچوئل موسمیاتی سربراہی اجلاس میں شرکت کی دعوت دے دی۔

امریکی صدر کے نمائندہ خصوصی برائے ماحولیات جان کیری نے وزیراعظم پاکستان کے معاون خصوصی برائے موسمیاتی تبدیلی ملک امین اسلم کو خط لکھ کر اجلاس میں اظہارِ خیال کرنے کی دعوت دی ہے۔

امریکی صدر نے گزشتہ ماہ سربراہی اجلاس میں ہندوستان، چین اور بنگلہ دیش سمیت 40 ممالک کے رہنماؤں کو مدعو کیا تھا، اس وقت یہ سمجھا گیا تھا کہ ماحولیاتی تبدیلیوں سے دنیا کے سب سے زیادہ خطرات سے دوچار ملک ہونے کے باوجود کانفرنس میں شریک ممالک کی فہرست سے پاکستان کا نام نکال دیا گیا ہے۔

تاہم اب ملک امین اسلم نے اس بات کی تصدیق کی ہے کہ انہیں سربراہی اجلاس میں شرکت کی دعوت دی گئی ہے اور وزیر اعظم عمران خان سے آج (منگل) اس اجلاس میں شرکت کے لیے اجازت لی جائے گی۔

وزارت موسمیاتی تبدیلی کے حکام کے مطابق جان کیری کے خط میں کہا گيا ہے کہ اجلاس کا مقصد موسمیاتی بحران کے خلاف مشترکہ عالمی کوششوں کو مضبوط بنانے کی راہیں تلاش کرنا ہے۔

سربراہ اجلاس کے موقع پر پیرس معاہدے کے تحت امریکا 2030ء کے لیے پرعزم ہدف پیش کرے گا، اس اجلاس میں 17 ممالک پر مبنی بڑی معیشتوں کے توانائی و ماحولیات کے فورم کو اکٹھا کیا جائے گا۔

واضح رہے کہ موسمیاتی تبدیلیوں سے سب سے زیادہ متاثرہ ممالک کے سربراہان کو بھی اجلاس میں مدعو کیا گیا ہے۔

جواب چھوڑیں

Please enter your comment!
Please enter your name here