بھارت سے مسافروں کی پاکستان آمد پر پابندی عائد

510

اسلام آباد: نیشنل کمانڈ اینڈ آپریشن سینٹر (این سی او سی) نے بھارت سے ہوائی یا زمینی راستے سے آنے والے مسافروں کے پاکستان میں داخلے پر پابندی لگانے کا فیصلہ کیا ہے۔

یہ فیصلہ این سی اوسی کے اجلاس میں کیا گیا جس کی صدارت وفاقی وزیر منصوبہ بندی اسد عمر نے کی۔ فورم کو بھارت میں وائرس کی نئی قسم پھیلنے کے بارے میں بتایا گیا جس پر این سی او سی نے بھارت کو دو ہفتوں کے لئے سی کیٹیگری ممالک کی فہرست میں رکھنے کا فیصلہ کیا ہے۔

این سی او سی کے اجلاس میں مزید کہا گیا کہ دوسرے ممالک میں بھارتی وائرس کی موجودگی کے پیش نظر 21 اپریل کو زمرہ سی ممالک کا دوبارہ جائزہ لیا جائے گا۔

خیال رہے کہ گزشتہ 5 روز سے بھارت میں کورونا وائرس کے 2 لاکھ سے زائد کیسز سامنے آرہے ہیں جس کے باعث ہسپتالوں میں جگہ کم پڑگئی ہے۔

بھارت میں 19 اپریل کو کورونا وائرس کے مزید 2 لاکھ 73 ہزار 810 نئے کیسز رپورٹ ہوئے تھے جس کے بعد مجموعی کیسز کی تعداد ڈیڑھ کروڑ سے تجاوز کر گئی۔ اس کے علاوہ کورونا سے ہلاکتوں کی تعداد میں مزید ایک ہزار 619 کے اضافے کے بعد بھارت میں عالمی وبا سے اموات کی مجموعی تعداد ایک لاکھ 78 ہزار 769 تک پہنچ گئی۔

جواب چھوڑیں

Please enter your comment!
Please enter your name here