اسلام آباد: ایشیائی ترقیاتی بینک (اے ڈی بی) نے بالاکوٹ میں دریائے کنہار پر تین سو میگاواٹ پاور پلانٹ کی تعمیر کیلئے 30 کروڑ ڈالر قرض کی منظوری دے دی۔
ایشیائی ترقیاتی بینک کی طرف سے جاری بیان کے مطابق اس منصوبہ سے پاکستان میں ماحول دوست بجلی کے پیداوار میں اضافہ ہو گا اور ملک میں توانائی کے تحفظ کو فروغ ملے گا۔
بالا کوٹ ہائیڈر پاور منصوبے سے سالانہ 1145 گیگا واٹ آوور صاف بجلی پیدا ہو گی جو ملک میں توانائی کے پائیداریت میں اضافہ کا باعث بنے گی۔ اس منصوبے کے تحت ضلع مانسہرہ کے بالاکوٹ ٹائون کے قریب دریائے کنہار پر تین سو میگا واٹ کا پاور پلانٹ لگایا جائے گا جو 2027ء میں مکمل ہو گا۔ پلانٹ کو زلزلہ پروف اور ماحولیاتی معیار کے مطابق بنایا جائے گا۔
یہ بھی پڑھیے:
2027ء تک 3428 میگاواٹ پن بجلی قومی گرڈ میں شامل ہو گی
2029ء تک پاکستان آبی وسائل کے 8 بڑے منصوبے مکمل کر لے گا: رپورٹ
بالا کوٹ ہائیڈرو پاور پراجیکٹ کی تعمیر کیلئے 85 ارب روپے کے معاہدہ پر دستخط
ایشیائی ترقیاتی بینک کے پرنسپل انرجی سپیشلسٹ عدنان ترین نے بتایا کہ پاکستان ماحولیاتی تبدیلیوں سے متاثرہ ممالک میں شامل ہے، ملک میں آبی وسائل کو سیلابوں، خشک سالی، زیادہ درجہ حرارت اور دیگر انتہائی موسمیاتی عوامل سے خطرات لاحق ہیں۔
انہوں نے کہا کہ پاکستان میں ماحولیاتی خطرات کو کم کرنے کی ترجیحات کے مطابق اس منصوبہ سے نہ صرف صاف توانائی کی پیداوارمیں اضافہ ہو گا بلکہ آبی وسائل کو بہتر اور موثر انداز میں استعمال میں لایا جائے گا۔
عدنان ترین نے بتایا کہ پاکستان میں پانی سے بجلی پیدا کرنے کے وسیع وسائل موجود ہے تاہم اس میں سے صرف 16 فیصد تک استفادہ کیا گیا ہے، اس وقت بجلی کا شعبہ درآمدی ایندھن پر انحصار کر رہا ہے جس سے مہنگی بجلی پیدا ہو رہی ہے جبکہ بجلی کی ترسیل اور تقسیم کے نظام میں بھی کافی مسائل موجود ہیں۔
ایشیائی ترقیاتی بینک کی جانب سے کہا گیا ہے کہ بالاکوٹ ہائیڈرو پاور پراجیکٹ سے معاشی سرگرمیوں کو فروغ ملے گا اور مقامی کمیونٹی کی مہارتوں میں اضافہ ہو گا۔
پاور پروجیکٹ کی تعمیر کے دوران 12 سو سے زائد افراد کو ملازمتوں کے مواقع فراہم ہوں گے ان میں سے 40 فیصد بھرتیاں مقامی ہو گی۔ مقامی خواتین کو روزگار کے ضمن میں مہارتوں روشناس کرایا جائے گا۔
بینک کے مطابق پراجیکٹ کے تحت کمیونٹی کی ترقی کیلئے ایک پروگرام شروع کیا جائے گا جس سے متاثرہ گھرانوں کو روزگار کے مواقع کی فراہمی کیلئے تربیت دی جائے۔
پاکستان کی جانب سے اس منصوبہ میں ساڑھے 17 کروڑ ڈالر کی سرمایہ کاری جائے گی جبکہ حکومت نے ایشین انفراسٹرکچر انویسٹمنٹ بینک سے 28 کروڑ ڈالر فناننسنگ کی درخواست بھی کی ہے۔