سیؤل: ساؤتھ کورین کمپنی ہونڈائی موٹرز کارپوریشن نے جنوبی کوریا پلانٹ میں چِپ کی قلت کی وجہ سے 5 اپریل سے 13 اپریل تک پیداوار عارضی طور پر معطل کرنے کا عندیہ دے دیا۔
متاثرہ السان (Ulsan) فیکٹری سالانہ 311000 گاڑیوں سمیت کونا الیکٹرک اور آئیونک 5 کی پیداوار کرتی ہے۔
ہونڈائی نے غیرملکی خبررساں ایجنسی رائیٹرز کو ایک بیان میں بتایا کہ “چِپ کی سہولت کی عارضی طور پر معطلی بابت کوئی فیصلہ نہیں کیا گیا ہے”۔
کورین اکانومک ڈیلی نے اپنی ایک رپورٹ میں کہا کہ ہونڈائی کے نمبر1 السان پلانٹ میں پیداوار چِپ اور پاور الیکٹرک موڈیولز سے متعلق سپلائی کے مسائل کی وجہ سے معطل کی گئی ہے۔
رائیٹرز نے گزشتہ ماہ رپورٹ کیا تھا کہ ہونڈائی نے اپنی ہم عصر کمپنیوں کے برعکس چپس ذخیرہ کر رکھی تھیں جس کی وجہ سے کمپنی بڑی حد تک بحران سے بچنے میں کامیاب رہی ہے۔
گزشتہ ہفتے ہونڈا موٹر کارپوریشن اور جنرل موٹرز کارپوریشن نے کئی وجوہات کے علاوہ چِپ کی قلت کا حوالہ دیتے ہوئے اعلان کیا تھا کہ دونوں کمپنیاں شمالی امریکہ میں آئندہ ہفتوں تک پلانٹس میں پیداواری عمل معطل رکھیں گی۔
چِپ بحران کی کئی وجوہات ہیں جس میں فیکٹریوں کی بندش، لیپ ٹاپس اور ٹیبلٹس کی بڑھتی ہوئی ڈیمانڈ اور چینی ٹیک کمپنیوں کے خلاف پابندیاں شامل ہیں جو دسمبر میں الیکٹرانکس کے شعبے کو متاثر کرنے کے لیے عالمی چِپ بحران کا باعث بنی۔
درحقیقت آٹوانڈسٹری میں پیش آنے والے بحران کے اثرات سمارٹ فونز سمیت کنزیومر الیکٹرانکس تک وسیع ہو گئے ہیں۔