اسلام آباد: وفاقی وزیر برائے ہوابازی غلام سرور خان نے کہا ہے کہ کراچی اور قاہرہ کے درمیان مصر کی قومی ائیر لائن کی پروازوں کا جلد آغاز کیا جائے گا جس سے دونوں ممالک میں تجارتی اور سیاحتی تعلقات میں مزید اضافہ ہو گا۔
ہوا بازی ڈویژن کی طرف سے جمعرات کو جاری کردہ پریس ریلیز کے مطابق جمعرات کو پاکستان میں مصر کے سفیر طارق داہروغ نے وزیر ہوابازی غلام سرور خان سے ملاقات کی۔ دونوں رہنمائوں نے مختلف شعبوں خصوصاً دونوں ممالک کے مابین ہوابازی کے شعبہ میں تعاون کے فروغ پر اتفاق کیا۔
یہ بھی پڑھیے:
پاکستان میں تین نئی ائیرلائنز جلد اڑان بھرنے کو تیار
پاکستان اور مصر کا تجارتی و اقتصادی تعلقات مزید مستحکم کرنے پر اتفاق
سول ایوی ایشن کا پائلٹوں کو لائسنس جاری کرنے کیلئے برطانوی طرز کا سسٹم لانے کا فیصلہ
ملاقات میں وفاقی وزیر اور مصر کے سفیر نے ہوابازی اور اس سے متعلق مختلف تکنیکی شعبوں میں تعاون پر زور دیا۔ مصر کے سفیر نے وفاقی وزیر کو دونوں ممالک کے درمیان ہوا بازی کے شعبے میں پیش رفت سے آگاہ کیا۔
وزیر ہوابازی غلام سرور خان نے کہا کہ کراچی اور قاہرہ کے درمیان مصر کی قومی ائیر لائن کی پروازوں کا جلد آغاز زیر غور ہے جس سے دونوں ممالک میں تجارتی اور سیاحتی تعلقات میں مزید اضافہ ہو گا۔
وفاقی وزیر نے کہا کہ پاکستان اور مصر کے درمیان دیرینہ برادرانہ تعلقات ہیں اور ہماری ثقافتی تاریخی اور اسلامی اقدار مشترک ہیں۔ وفاقی وزیر نے کورونا وائرس کی عالمی وبا سے نمٹنے کیلئے دونوں ممالک کے درمیان مشترکہ تعاون کو مزید مستحکم کرنے کی ضرورت پر زور دیا۔