مسلسل 9ویں ماہ ترسیلات زر 2 ارب ڈالر سے زائد، مجموعی حجم 18 ارب ڈالر سے بڑھ گیا

820

لاہور: رواں مالی سال 2020-21ء کے مسلسل نویں ماہ بیرون ملک مقیم پاکستانی کارکنوں کی جانب سے ارسال  کردہ ترسیلات زر کا حجم دو ارب ڈالر سے زائد رہا۔

سٹیٹ بینک آف پاکستان (ایس بی پی) کی رپورٹ کے مطابق فروری 2021ء کے دوران بیرون ملک مقیم پاکستانیوں  نے دو ارب 26 کرور 20 لاکھ ڈالر کی ترسیلات زر ارسال کیں جو جنوری 2021ء کی ترسیلات زر کے کم و بیش برابر رہیں۔

تاہم فروری 2021ء کی دو ارب 26 کروڑ 20 لاکھ ڈالر کی ترسیلات زر کا حجم فروری 2020ء کے مقابلے میں 24.2 فیصد زیادہ رہا، گزشتہ سال فروری میں باہر مقیم پاکستانیوں نے ایک ارب 82 کروڑ ڈالر وطن ارسال کیے تھے۔

یہ بھی پڑھیے:

پاکستانی بینکوں کی کریڈٹ ریٹنگ کے حوالے سے موڈیز کی رپورٹ جاری

رواں مالی سال کے اختتام تک پاکستان کی ترسیلات زر 28 ارب ڈالر تک پہنچنے کا امکان

سٹیٹ بینک کے مطابق رواں مالی سال کے ابتدائی آٹھ ماہ (جولائی تا فروری) کے دوران بیرون ملک مقیم پاکستانیوں کی جانب سے مجموعی طور پر 18 ارب 70 کروڑ ڈالر ارسال کیے گئے۔ یہ شرح گزشتہ مالی سال 2019-20ء کے ابتدائی آٹھ ماہ کی ترسیلات زر سے 24.1 فیصد زیادہ ہے۔

جولائی 2020ء سے فروری 2021ء کے دوران سب سے زیادہ ترسیلات زر سعودی عرب میں مقیم پاکستانیوں نے ارسال کیں، جنہوں نے پانچ ارب 32 کروڑ 26 لاکھ ڈالر پاکستان بھیجے۔ متحدہ عرب امارات میں مقیم پاکستانیوں نے تین ارب 90 کروڑ ڈالر، برطانیہ سے اڑھائی ارب ڈالر، امریکا سے ایک ارب 60 کروڑ ڈالر موصول ہوئے۔

دبئی میں مقیم پاکستانیوں نے 42 کروڑ 90 لاکھ ڈالر، شارجہ سے پانچ کروڑ 17 لاکھ ڈالر، بحرین سے 52 لاکھ ڈالر، کویت سے تین کروڑ 82 لاکھ ڈالر، قطر سے سات کروڑ 18 لاکھ ڈالر اور اومان سے 8 کروڑ 23 لاکھ ڈالر کی ترسیلات پاکستان بھیجی گئیں۔

جواب چھوڑیں

Please enter your comment!
Please enter your name here