لاہور: ریلوے انتظامیہ نے لاہور اور فیصل آباد کے درمیان چلنے والی بدر ایکسپریس اور غوری ایکسپریس کو پانچ مارچ 2021ء سے بحال کرنے کا فیصلہ کیا ہے۔
محکمہ ریلوے کے مطابق بدر ایکسپریس فیصل آباد سے صبح 6 بجے روانہ ہوکر سانگلہ ہل، صفدرآباد اور قلعہ شیخوپورہ سٹاپ کرتی ہوئی 8 بجکر 10 منٹ پر لاہور ریلوے سٹیشن پہنچے گی۔
اسی طرح بدر ایکسپریس لاہور سے صبح 9 بج کر 30 منٹ پر روانہ ہو کر قلعہ شیخوپورہ، صفدرآباد اور سانگلہ ہل سٹاپ کرتی ہوئی دوپہر 11 بج کر 40 منٹ پر فیصل آباد ریلوے سٹیشن پر پہنچے گی۔
یہ بھی پڑھیے: پاکستان اور ترکی کے درمیان کارگو ٹرین سروس ایک دہائی بعد بحال
دوسری جانب غوری ایکسپریس فیصل آباد سے سہ پہر 3 بج کر 15 منٹ پر روانہ ہو کر سانگلہ ہل، صفدرآباد اور قلعہ شیخوپورہ سٹاپ کرتی ہوئی شام 5 بج کر 25 منٹ پر لاہور ریلوے سٹیشن پہنچے گی۔
واپسی پر غوری ایکسپریس لاہور سے شام 6 بج کر 45 منٹ پر روانہ ہو کر قلعہ شیخوپورہ، صفدرآباد اور سانگلہ ہل سٹاپ کرتی ہوئی رات 8 بج کر 55 منٹ پر فیصل آباد ریلوے سٹیشن پہنچے گی۔
ترجمان ریلوے کے مطابق یہ ٹرینیں آٹھ اکانومی کلاس کوچز، ایک پاور پلانٹ اور ایک بریک وین پر مشتمل ہو گی۔
یاد رہے بدر ایکسپریس پہلے لاہو ر سے براستہ فیصل آباد ملتان کیلئے چلتی تھی جو پانچ مارچ 2021ء سے ملتان کے بجائے اپنے پرانے روٹ لاہور سے فیصل آباد کے درمیان چلے گی۔