کراچی: کورونا وائرس کیسز میں کمی اور معاشی سرگرمیاں بحال ہونے کی وجہ سے ملک میں فروری 2021 میں گزشتہ سال کے اسی ماہ کے مقابلے میں پیٹرولیم مصنوعات کی فروخت میں 26 فیصد اضافہ ہوا ہے۔
فروری 2021 میں آئل مارکیٹنگ کمپنیز (او ایم سیز) کی فروخت گزشتہ برس کے اسی مہینے کی 1.11 ملین ٹن فروخت کے مقابلے میں 1.4 ملین ٹن ریکارڈ کی گئی۔
عارف حبیب لمیٹڈ کے اینالسٹ نے پیٹرولیم مصنوعات کی فروخت میں اضافے کی وجہ گاڑیوں کی طلب میں بڑھتے ہوئے اضافے اور معشیت میں بہتری کو قرار دیا ہے۔ اس کے علاوہ، پیٹرولیم مصنوعات کی شرح میں اضافہ زرعی پیداوار میں بہتری کو قرار دیا جاسکتا ہے جس کے نتیجے میں ہائی سپیڈ ڈیزل کی فروخت بھی بڑھیں۔
پیٹرولیم مصنوعات کی فروخت میں بہتری کی بنیادی وجہ فیول سٹیشنز پر سی این جی کی قلت اور ٹو، تھری اور فور وہیلر گاڑیوں کی شرح میں اضافہ ہے۔ علاوہ ازیں، تجزیہ کاروں کا کہنا ہے کہ ایران سے غیرقانونی یا تلف شدہ فیول کی سرحدوں سے سپلائی پر سختی سے قابو پانے میں اضافی سیلز ہوئی۔
مجموعی طور پر، مالی سال 2020-21 کے پہلے آٹھ ماہ (جولائی تا فروری) کے دوران پیٹرولیم مصنوعات کی سیلز 13 فیصد اضافے سے 12.67 ملین ٹن ریکارڈ کی گئیں جبکہ گزشتہ مالی سال کے پہلے آٹھ ماہ کے دوران ان مصنوعات کی فروخت کا حجم 11.24 ملین ٹن تھا۔
اعدادوشمار کی جانچ پڑتال سے انکشاف ہوا ہے کہ پیٹرولیم مصنوعات کی فروخت میں نمایاں اضافہ ہائی سپیڈ ڈیزل اور فرنس آئل کی شرح میں اضافے سے ہوا جیسا کہ ان کی کھپت بالترتیب 4.48 ملین ٹن اور 2.09 ملین ٹن تک جا پہنچی ہے جو گزشتہ برس کی اسی مدت کے 4.21 ملین ٹن اور 1.54 ملین ٹن کے مقابلے میں 15 فیصد اور 36 فیصد زیادہ ہے۔