نیویارک: امریکی ای کامرس کمپنی ایمازون نے کہا ہے کہ مصنوعات کی تیز ترین ترسیل کے لیے وہ 11 بوئنگ 767-300 طیارے خرید رہی ہے.
ایمازون کے مطابق طیارے خریدنے کا مقصد صارفین کو مصنوعات کی جلد فراہمی اور کمپنی کی ترسیلی استعداد میں اضافہ کرنا ہے۔
ایمازون نے اپنے بیان میں کہا ہے کہ سات طیارے ڈیلٹا ائیرلائنز اور چار ویسٹ جیٹ ائیرلائنز سے خریدے جائیں گے، یہ طیارے 2022ء میں ایمازون کے ائیر کارگو میں شامل کیے جائیں گے۔
یہ بھی پڑھیے:
ایمازون کا آئن لائن فارمیسی متعارف کرانے کا فیصلہ
چین میں ای کامرس کمپنی علی بابا کے خلاف تحقیقات شروع
کمپنی نے جون 2020ء میں ائیرٹرانسپورٹ سروسز گروپ انکارپوریشن سے 12 بوئنگ 767-300 طیارے قسطوں پر حاصل کیے تھے جنہیں ایمازون نے کارگو ائیرکرافٹ میں تبدیل کیا تھا، یوں کمپنی کے طیاروں کی مجموعی تعداد 80 سے متجاوز کر گئی تھی۔
ایمازون کی نائب صدر برائے گلوبل ائیر سارا رھوڈز (Sarah Rhoads) نے کہا تھا کہ “ہمارے بڑھتے ہوئے ائیر کارگو سسٹم میں قسطوں پر لیے گئے طیارے اور کمپنی کے ملکیتی طیاروں سے ہمیں اپنے آپریشنز چلانے میں مزید آسانی ہو جائے گی۔”