
ہانگ کانگ، بیجنگ: چین نے ای کامرس کمپنی علی بابا گروپ کے خلاف اینٹی ٹرسٹ کے الزام میں تحقیقات شروع کرنے کا فیصلہ کیا ہے، اس حوالے سے چینی ریگولیٹرز علی بابا کی ذیلی کمپنی آنٹ گروپ (Ant Group) کی انتظامیہ سے پوچھ گچھ کریں گے۔
چین میں بڑھتی ہوئی انٹرنیٹ سپیس میں مسابقتی عمل کے برعکس رویے کے خلاف کریک ڈاؤن کو تیز کیا گیا اور تحقیقات بھی کی جا رہی ہیں، یہ تحقیقات علی بابا کے بانی جیک ما کے لیے ایک دھچکا ہیں۔
تحقیقات کے فیصلے سے قبل بھی گزشتہ ماہ آنٹ گروپ کی 37 ارب ڈالر کی ابتدائی عوامی پیشکش کو مختلف وجوہات کی بناء پر منسوخ کر دیا گیا تھا جو دنیا کی سب سے بڑی آئی پی او ہونے جا رہی تھی۔
چینی حکومت نے کہا ہے کہ اگر اجارہ داری برداشت کی جاتی ہے اور کمپنیوں کو بے ہنگھم انداز میں پھیلنے کی اجازت دی جاتی ہے تو ای کامرس انڈسٹری زیادہ دیر تک نہیں چل پائے گی۔
چینی حکومت کے اس بیان کے بعد ہانگ ہانگ کی اسٹاک مارکیٹ میں علی بابا کے شئیرز کی قدر 9 فیصد گر گئی جو جولائی کے بعد سے کم ترین سطح تھی جبکہ اس دوران علی بابا کی حریف کمپنیوں Meituan اور JD.com کے شئیرز دو فیصد گرے تھے۔
یہ بھی پڑھیے:
علی بابا گروپ 35 ارب ڈالر کے شئیرز کیوں فروخت کرنا چاہتا ہے؟
ای کامرس کمپنی کا ایک دن میں آن لائن 56 ارب ڈالرکی فروخت کا نیا ریکارڈ
علی بابا گروپ کی شنگھائی، ہانگ کانگ مشترکہ سٹاک میں لسٹنگ کا آغاز، شیئرز کے نرخ 3.57 فیصد بڑھ گئے
چینی ریگولیٹرز نے علی بابا کو نام نہاد ‘دو میں سے ایک کے انتخاب’ سے متعلق خبردار کیا تھا جس کے تحت چینی کمپنیوں کو تعاون کے معاہدوں پر دستخط کرنے اور حریف پلیٹ فارمز پر مصنوعات کی پیشکش کو محفوظ کرنے کی ضرورت پر زور دیا تھا۔
اسٹیٹ ایڈمنسٹریشن برائے مارکیٹ ریگولیشنز (ایس اے ایم آر) نے کہا ہے کہ انہوں نے ای کامرس کمپنیوں کے کاروبار کرنے کے حوالے سے تحقیقات شروع کی ہیں۔
فنانشل ریگولیٹرز بھی علی بابا کی ذیلی فن ٹیک کمپنی آنٹ گروپ سے آئندہ کچھ روز میں پوچھ گچھ کریں گے، چین کے مرکزی بینک کی جانب سے کہا گیا ہے کہ شئیر مارکیٹ کی سیلز کی بحالی پر یہ ایک دوسری غیریقینی ثابت ہو گی۔
بیان میں کہا گیا ہے کہ مالیاتی ریگولیٹرز کی علی بابا گروپ کی ذیلی کمپنی سے ملاقات کے حوالے سے “مذکورہ گروپ کو شفاف مسابقت، صارفین کے مفادات اور قانونی حقوق کی حفاظت پر عملدرآمد کرنے کی رہنمائی کی جائے گی۔”
ادھر آنٹ گروپ نے کہا ہے کہ انہیں چینی ریگولیٹرز کی جانب سے نوٹس موصول ہوا ہے اور اس کے تمام قواعد پر عملدرآمد کیا جائے گا۔
علی بابا نے کہا ہے کہ وہ تحقیقاتی حکام سے تعاون کریں گے اور کمپنی کے آپریشنز معمول کے مطابق جاری رکھیں گے۔
ہانگ کانگ میں پریما ویرا کیپیٹل گروپ کے چئیرمین اور آنٹ گروپ کے سرمایہ کار فریڈ ہو نے کہا ہے عالمی مارکیٹ کی نظر علی بابا کے خلاف شروع کی گئی تحقیقات پر ہے، آیا کہ یہ اقدام ‘سیاسی حوصلہ افزائی’ ہے یا ریگولیٹرز چینی حکومت کی اجارہ داری قائم کرنے کے لیے صرف نجی کمپنیوں کو نشانہ بنا رہے ہیں۔
انہوں نے کہا کہ “اگر اینٹی ٹرسٹ قانون صرف کامیاب نجی چینی کمپنیوں کو نشانہ بناتا ہے تو یہ زیادتی ہوگی”۔