کراچی: پاکستان انٹرنیشنل ائیرلائنز (پی آئی اے) نے سکردو اور گلگت بلتستان جانے والے مسافروں کو کرایوں میں خصوصی رعایت دینے کا اعلان کر دیا۔
قومی ائیرلائن نے سکردو اور گلگت کے مسافروں کے لیے خصوصی رعایتی پیکیج کا اعلان اپنے ایک ٹویٹر پیغام کے ذریعے کیا، پی آئی اے نے ٹویٹ میں کہا کہ اسلام آباد سے سکردو اور گلگت بلتستان کا سفر کرنے والے افراد اب یکطرفہ کرایہ کی مد میں 6915 روپے ادا کریں گے۔
اس سے قبل سربراہ پی آئی اے ائیرمارشل ارشد ملک نے پی آئی اے ائیرلائن حکام اور مارکیٹنگ ٹیم کے ساتھ ایک اجلاس میں بات چیت کرتے ہوئے بین الاقوامی پروازوں کے ساتھ ساتھ مقامی پروازوں پر سفر کرنے والے مسافروں کو بہترین سفری سہولتیں مہیا کرنے کی ہدایت دی تھی۔
یہ بھی پڑھیے:
پی آئی اے بھی ایف آئی اے کے ریڈار پر آ گئی
’گلگت بلتستان سے امتیازی رویہ ختم کرکے پی آئی اے کرایوں میں کمی کا اعلان کرے‘
انہوں نے ائیرلائن کی نئے سرے سے بحالی کے اقدامات اور نئے سال کے آغاز کے پیش نظر ملازمین کو نئے عزم و ہمت اور ولولے سے کام کرنے کی ہدایت کی۔
سکردو اور گلگت بلتستان کی موسمی صورت حال کو مدِنظر رکھتے ہوئے شمالی علاقہ جات کے رہائشیوں کو سستی سفری سہولت، رسائی اور مناسب اقدامات کے ذریعے کرایوں میں خصوصی رعایت کا اعلان کیا گیا ہے۔
یہ بھی مدِنظر رہے کہ گورنر گلگت بلتستان جلال حسین مقپون نے 10 دسمبر کو ایک خط کے ذریعے سربراہ پی آئی اے ارشد ملک کو خطے میں سیاحت کے فروغ کے لیے قومی ائیرلائن کے کرایوں میں کمی کی درخواست کی تھی۔
جلال حسین مقپون نے خط میں لکھا تھا کہ “گلگت بلتستان میں دنیا کی دوسری اونچی چوٹی کے ٹو اور دیوسائی جیسے بلند مقامات واقع ہیں جس کی وجہ سے گلگت بلتستان کا ملکی سیاحت میں نمایاں مقام ہے، اس لیے سیاحوں کو سستی سفری سہولیات فراہم کرنے کیلئے پی آئی اے اپنا کردار ادا کرے۔