اسلام آباد:ملک بھر میں پیاز کی قیمتوں میں کمی اور مارکیٹ میں استحکام کو مدِنظر رکھتے ہوئے برآمدکنندگان نے پیاز کی برآمدات دوبارہ سے شروع کرنے کا فیصلہ کر لیا۔
سندھ میں پیاز کی فصل زیادہ ہونے سے ملکی منڈیوں میں پیاز کم نرخوں پر دستیاب ہے، پیاز برآمد کرنے کے حوالے سے پاکستان فروٹ اینڈ ویجیٹیبل ایسوسی ایشن (پی ایف وی اے) نے وزارتِ فوڈ سکیورٹی اینڈ ریسرچ کو باضابطہ طور پر ایک خط کے ذریعے آگاہ کر دیا ہے۔
پیاز کی برآمدات 27 نومبر سے دوبارہ شروع کی جائیں گی، قبل ازیں برآمد کنندگان نے ملک میں پیاز کی قیمتوں کے استحکام کے لئے برآمدات عارضی طور پر معطل کر دی تھیں۔
20 نومبر کو پی ایف وی اے نے مارکیٹ میں پیاز کی قیمت اور رسد کے تجزیہ کے بعد برآمدکنندگان کا اجلاس بلایا تھا جس میں 27 نومبر سے برآمدات دوبارہ سے شروع کرنے کا فیصلہ کیا گیا جبکہ ڈپارٹمنٹ آف پلانٹ پروٹیکشن کو اس فیصلہ سے متعلق مطلع کر دیا گیا ہے۔
ایسوسی ایشن کی جانب سے پیاز کی برآمد پر پابندی سے قبل قیمت 2800 روپے فی من تھی، اب سندھ کی پیاز مارکیٹ میں آنے کے بعد قیمت 1200 سے 1300 روپے فی من ہو گئی ہے۔
یہ بھی پڑھیے:
چین کو پاکستانی برآمدات میں کمی، درآمدات میں اضافہ
پاکستانی زرعی ماہرین نے کیلے کی دو نئی اقسام تیار کر لیں
برآمدات بڑھانے کیلئے پنجاب حکومت کا ہائی ٹیک لیبارٹریز قائم کرنے کا فیصلہ
آل پاکستان فروٹ اینڈ ویجیٹیبل ایکسپورٹڑز، امپورٹرز اینڈ مارچنٹس ایسوسی ایشن (پی ایف وی اے) کے سرپرست اعلیٰ وحیداحمد نے کہا ہے کہ پیاز کے برآمد کنندگان نے برآمد پر خود ساختہ پابندی عائد رکھی تھی تاکہ مقامی منڈیوں میں پیاز کی قیمتوں کو مستحکم رکھا جاسکے۔
انہوں نےکہا کہ اب پیاز کی قیمتیں مستحکم ہیں جس کی روشنی میں پیاز کی برآمدات دوبارہ شروع کرنے کا فیصلہ کیا گیا ہے اور 27 نومبر 2020 کو پیازبرآمد کرنا شروع کر دیا جائے گا۔
انہوں نے کہا کہ برآمدات کو معطل کرنے سے قبل ملک میں پیاز کی فی من قیمت 2800 روپے تک بڑھ چکی تھی جس کی وجہ سے برآمدات معطل کرنے کا فیصلہ کیا گیا تھا۔ اس وقت ملک میں پیاز کی فی من قیمت 1300 روپے تک کم ہو چکی ہے، اس لئے فیصلہ کیا گیا ہے کہ پیاز کے کاشت کاروں کو بہتر قیمتوں کی ادائیگی کے حوالہ سے برآمدات کا عمل شروع کیا جائے۔