کراچی: سندھ حکومت نے کسانوں کو ہنگامی صورت حال میں مالی نقصانات سے بچانے کے لیے کمرشل بینکوں اور نجی کمپنیوں کی مدد سے فصلوں کی انشورنس کرنے کا منصوبہ بنایا ہے۔
صوبائی وزیر زراعت اسماعیل راہو نے اپنے ایک بیان میں کہا ہے کہ صوبے میں خوردنی تیل پیدا کرنے والے بیجوں سمیت دیگر موسمی فصلوں کی انشورنس کی تجویز زیرغور ہے، اس حوالے سے صوبائی حکومت نے محکمہ خزانہ اور کمرشل بینکوں سے رابطہ کیا ہے۔
یہ بھی پڑھیے:
وزیر اعظم کی زرعی شعبہ کی بہتری، پیداوار میں اضافہ کیلئے ایکشن پلان پیش کرنے کی ہدایت
’زرعی انقلاب کیلئے حکومت کا جدید ٹیک فارمز بنانے کا منصوبہ، ایگری ایکسپورٹس کو فروغ ملے گا‘
انہوں نے کہا کہ ملک میں کس بھی ہنگامی صورتحال کے باعث فصلوں کے مالی نقصان ہونے سے انشورنس پلان کے تحت کسانوں کو ریلیف مل سکے گا۔
اسماعیل راہو نے کہا کہ صوبائی حکومت نے فنڈز کے فقدان کی وجہ سے اپنا پہلا انشورنس پلان ختم کر دیا ہے تاہم انہوں نے امید ظاہر کی کہ کسانوں کو انشورنس کے نئے پلان سے ریلیف فراہم کرنے سے مثبت نتائج برآمد ہوں گے۔
یہ واضح رہے کہ پاکستان میں زراعت کے شعبے کو موسمیاتی تغیرات، سیلابی صورتحال، ناکارہ بیجوں اور زراعت میں ٹیکنالوجی کی عدم دستیابی کے باعث ہر سال بھاری نقصانات برداشت کرنا پڑتے ہیں جس کے باعث سندھ حکومت نے کسانوں کو مالی بدحالی سے بچانے کے لیے فصلوں کی انشورنس کے منصوبے کا آغاز کیا ہے۔