اسلام آباد: یورپ میں پاکستان انٹرنیشنل ائیرلائنر(پی آئی اے) کی پروازوں کی بندش کے حوالے سے قومی ائیرلائن نے مختلف رکن ممالک میں تعینات کیے گئے پی آئی اے ملازمین کو واپس بلانے کا فیصلہ کیا ہے۔
تفصیلات کے مطابق پی آئی اے نے اپنے ملازمین کو اٹلی کے شہر میلان، ناروے کے شہر اوسلو، ڈینمارک کے شہر کوپن ہیگن اور سپین کے شہر بارسیلونا میں تعینات کیا تھا جنہیں اب قومی ائیر لائنز نے واپس بلانے کا فیصلہ کیا ہے۔
گزشتہ روز، قومی ائیر لائنز نے یورپین یونین ایوی ایشن سیفٹی ایجنسی (ای اے ایس اے) میں پروازوں کی بندش کے خلاف اپیل دائر نہ کرنے کا فیصلہ کیا تھا جس کے بعد قومی پرچم بردار کی جانب سے اپنے ملازمین کو واپس بلانے کی یہ پیشرفت سامنے آئی، قومی ائیرلائن کو 30 اگست سے قبل پروازوں کی بندش کے خلاف اپیل دائر کرنی تھی، جس کی مدت ختم ہوگئی ہے۔
رپورٹس میں تجویز کی گئی کہ اس اقدام کا مقصد ائیرلائن کو ہونے والے مالی نقصانات کو کم کرنا ہے۔
ترجمان پی آئی اے کے مطابق پی آئی اے کی یورپ میں تعینات ملازمین کو واپس بلانے کے احکامات رواں ہفتے میں جاری کیے جائیں گے۔