اسلام آباد: وفاقی وزیر برائے ہوا بازی غلام سرور خان نے سوموار کے روز کہا ہے کہ پاکستان انٹرنیشنل ائیرلائنز (پی آئی اے) کی انتظامیہ نے اپنے 760 ملازمین کو برخاست کردیا ہے جن میں 17 ہواباز بھی شامل ہیں، برخاست کیے جانے والے ملازمین اور ہوابازوں کی اسناد جعلی ہونے کا انکشاف ہوا ہے۔
ٹیکسلا میں میڈیا نمائندگان سے بات کرتے ہوئے وفاقی وزیر نے کہا کہ جعلی اسناد رکھنے والے ہوابازوں کے لائسنسز معطل کردیے گئے ہیں۔
پی آئی اے نے اُن ملازمین کو نوکری سے فارغ کیا ہے جن کی تعلیمی اسناد جعلی ہونے کا انکشاف ہوا ہے یہ معاملہ گزشتہ سال بھی منظرعام پر آیا تھا جب پی آئی اے نے 700 سے زائد ملازمین میں سے 467 ملازمین کو نوکریوں سے فارغ کیا تھا، فارغ کیے ملازمین نے بھرتی کے دوران جعلی اسناد جمع کرائی تھیں۔
اس وقت ائیرلائن نے سینیٹ کی قائمہ کمیٹی برائے ایوی ایشن کی ہدایات پر ان ملازمین کے ساتھ رعایت برتنے سے انکار کیا تھا، قائمہ کمیٹی برائے ایوی ایشن نے ملازمین کی سزا کم کرنے کی ہدایت کی تھی جس پر پی آئی اے نے گزشتہ سال ان ملازمین کے خلاف سخت کارروائی کا آغاز کیا تھا۔