لاہور: چین کو ابلے ہوئے گوشت کی برآمدات کے لیے وزارت غذائی تحفظ و تحقیق کی جانب سے تین میٹ پروسیسنگ کمپنیوں کے نام تجویز کیے گئے ہیں جن میں دی آرگینک میٹ کمپنی لمیٹڈ، ٹاٹا اور فوجی شامل ہیں۔
اس حوالے سے دی آرگینک میٹ کمپنی کی جانب سے ایک مراسلے کے ذریعے پاکستان سٹاک ایکسچینج (پی ایس ایکس) کو مطلع کیا گیا۔ اس کے ساتھ ہی دی آرگینک میٹ کمپنی کی انتظامیہ نے میڈیا میں زیرِ گردش اُن خبروں کو غلط قرار دیا جن میں کہا گیا ہے کہ چینی حکام نے تین پروسیسنگ پلانٹس فوجی، ٹاٹا اور گرین کی منظوری دی ہے۔
کمپنی کا کہنا ہے کہ مضمون نگار کی تحقیق متعلقہ چینی حکام کی جانب سے زیر جائزہ کمپنیوں کی غلط تصویر پیش کرتی ہے۔
یہ بھی پڑھیے:
دی آرگینک میٹ کمپنی کا بعد از ٹیکس منافع 20 کروڑ روپے تک بڑھ گیا
دی آرگینگ میٹ کمپنی کینیڈا کو جانوروں کی خوراک برآمد کرنے والی پہلی پاکستانی کمپنی بن گئی
ٹی او ایم سی ایل پاکستان سے بیف، مٹن، اونٹ کے گوشت کے علاوہ باقیات سے بنی مصنوعات کی ایک سرکردہ برآمد کنندہ ہے۔ مختلف قومی اور بین الاقوامی سطح کے سرٹیفکیٹس کی حامل یہ کمپنی اپنے عالمی معیار کے میٹ پروسیسنگ پلانٹس سے مختلف ممالک کو حفظان صحت کے معیارات کے مطابق گوشت برآمد کر رہی ہے۔
قبل ازیں آرگینک میٹ کمپنی نے کینیڈا کو “Pet Chews” برآمد کرنے کی منظوری حاصل کی تھی اور ایسا کرنے والی پاکستان کی پہلی کمپنی بنی تھی جسے کینیڈا کو مذکورہ مصنوعات کی برآمد کی منظوری دی گئی۔
اس کے علاوہ کمپنی کو جمہوریہ ازبکستان کی ریاستی کمیٹی برائے ویٹرنری میڈیسن اور لائیو سٹاک ڈویلپمنٹ نے ازبکستان کو گوشت اور گوشت کی مصنوعات فراہم کرنے کی بھی اجازت دی تھی۔
اس پیش رفت کا کمپنی کے کاروبار پر مثبت اثر پڑے گا اور ساتھ ہی اس کے شیئر ہولڈرز کے منافع میں اضافہ ہو گا۔