لاہور: پاکستان میں گاڑیاں بنانے والی صفِ اول کی کمپنی ہونڈا اٹلس کارز (پاکستان) لمیٹڈ آئندہ ہفتوں میں اپنی پیداواری سرگرمیاں دوبارہ شروع کرنے کی جانب پیش رفت کر رہی ہے۔
اس بات کا انکشاف کمپنی کی جانب سے پاکستان سٹاک ایکسچینج (پی ایس ایکس) کو بھیجے گئے مراسلے میں کیا گیا ہے۔ کمپنی انتظامیہ کی کوششوں اور سپلائی چین کے لیے تجارتی مالیاتی سہولیات تک رسائی میں بہتری کے ساتھ ہونڈا اطلس کارز اَب پیداواری عمل دوبارہ شروع کرنے اور پیداوار کو بتدریج بڑھانے کے قابل ہے۔
یہ بھی پڑھیے:
غریب سائیکل مکینک کا بیٹا جس نے اربوں ڈالر کی ہونڈا کمپنی قائم کی
ہونڈا اور سوزوکی نے پروڈکشن پلانٹس کی بندش میں مزید توسیع کر دی
آٹو انڈسٹری میں طویل ترین بندش کی ’تاریخ رقم‘، ہونڈا اور ٹویوٹا کا آئندہ ماہ پلانٹس بند رکھنے کی تاریخوں کا اعلان
یاد رہے کہ کمپنی نے رواں برس 9 مارچ سے 31 مارچ تک اپنا پلانٹ بند کر رکھا تھا کیونکہ حکومت کیا جانب سے مکمل تیار شدہ کٹس کی درآمد کے لیے ایل سیز کھولنے پر پابندی، خام مال کی خریداری کیلئے ڈالر کی کمی اور غیرملکی ادائیگیوں کو روکنے سمیت سخت اقدامات کی وجہ سے کمپنی کی سپلائی چین بری طرح متاثر ہوئی تھی۔ اس حکومتی اقدام نے کمپنی کی پیداوار جاری رکھنے کی صلاحیت کو متاثر کیا۔
بعد ازاں 31 مارچ 2023 کو کمپنی نے مذکورہ وجوہات کی وجہ سے پلانٹ کی بندش کی مدت میں 15 اپریل تک توسیع کا اعلان کر دیا۔ ہنڈا اٹلس کار لمیٹڈ کار پاکستان میں صف اول کی کمپنیوں میں سے ایک ہے، اور اس کے پلانٹ کے بند ہونے سے خطے میں آٹو موٹیو انڈسٹری پر بہت زیادہ اثرات مرتب ہوں گے۔