لاہور: وفاقی حکومت نے کم آمدن والے طبقے پر مہنگائی کا بوجھ کم کرنے کیلئے پٹرول 100 روپے سستا فراہم کرنے کا اعلان کیا ہے جبکہ امراء کو پٹرول 100 روپے مہنگا ملے گا۔
سوموار کو لاہور میں پریس کانفرنس کے دوران وزیر مملکت برائے پیٹرولیم مصدق ملک نے کہا کہ موٹر سائیکل سوار کا احساس کرتے ہوئے ان کیلئے پیٹرول کی قیمت کم کر رہے ہیں اور امیر کیلئے قیمت بڑھا رہے ہیں تاکہ ان سے حاصل ہونے والی رقم کم آمدن طبقے کو سستے ایندھن کی فراہمی میں استعمال ہو چکے۔
واضح رہے کہ اتوار کو وزیر اعظم شہباز شریف نے کم آمدن طبقے کیلئے پٹرول کی قیمتوں میں 50 روپے کمی کا اعلان کیا تھا۔
تاہم وزیر ممکت مصدق ملک نے پریس کانفرنس کے دوران بتایا کہ وزیراعظم نے انہیں پٹرول پر سبسڈی کی رقم 100 روپے تک بڑھانے کا حکم دیا ہے۔
انہوں نے کہا کہ موٹرسائیکل رکھنے والوں کو فی لٹر پیٹرول پر 50 روپے کی بجائے 100 روپے کا ریلیف ملے گا اور امیر کے پیسے غریب کی جیب میں ڈالیں گے۔ 22 کروڑ آبادی میں 21 کروڑ غریب ہیں، ہم غریب کے پاکستان کے ساتھ کھڑے ہیں۔
وزیر مملکت برائے پیٹرولیم کا کہنا تھا کہ گیس کا فیصلہ یکم جنوری سے نافذ العمل ہو چکا ہے، ہم نے گیس کا ٹیرف الگ کر کے غریب اور امیر کا بل الگ الگ کر دیا ہے۔
پٹرول سبسڈی پروگرام کا نفاذ چھ ہفتوں کے اندر کیا جائے گا اور اس کیلئے پیسہ امیروں پر ٹیکس کی شرح بڑھا کر اکٹھا کیا جائے گا۔