آئی ایم ایف پروگرام میں تاخیر اور غیریقینی، ڈالر مزید 2 روپے مہنگا

142
dollar-reaches-rs285-as-pakistani-rupee-in-free-fall

لاہور: عالمی مالیاتی فنڈ (آئی ایم ایف) سے قرض پروگرام کی عدم بحالی کی وجہ سے پیدا ہونے والی غیریقینی نے کرنسی مارکیٹ میں پاکستانی روپے کو مزید کمزور کر دیا۔

سوموار کو تقریباََ 12 بجے ڈالر کی قدر میں ایک روپے 99 پیسے اضافہ ہوا اور یہ 283 روپے 70 پیسے پر پہنچ گیا۔

بعد ازاں پاکستانی کرنسی کی قدر میں مزید کمی ہوئی اور کاروبار کے اختتام تک ایک ڈالر 284 روپے تک جا پہنچا۔ یوں روپے کی قدر میں مجموعی طور پر 0.82 فیصد گراوٹ ہوئی۔

گزشتہ کاروباری ہفتے کا اختتام 281 روپے 71 پیسے پر ہوا تھا۔

واضح رہے کہ آئی ایم ایف پروگرام کی بحالی کیلئے سٹاف لیول معاہدے پر دستخط نہ ہونے، دوست ممالک کی جانب سے مالی مدد کے وعدوں کی عدمِ تکمیل اور ڈالروں کی مبینہ طور پر افغانستان سمگلنگ کی وجہ سے پاکستانی کرنسی مسلسل دبائو کا شکار ہے اور حکومت پر اعتماد میں بھی کمی آئی ہے۔

قرض پروگرام میں تاخیر کی وجہ سے پاکستان کی دیوالیے سے بچنے کی صلاحیت پر بھی خدشات ابھرنا شروع ہو چکے ہیں۔ آئی ایم ایف کا کہنا ہے کہ ایک ارب 10 کروڑ ڈالر کی قسط جاری ہونے سے قبل پاکستان کو رواں مالی سال کے دوران قرض واپسی کیلئے تقریباََ 7 ارب ڈالر کا بندوبست کرنا ہو گا۔

تاہم آئی ایم ایف پروگرام کی بحالی سے روپے کی قدر میں ناصرف بہتری متوقع ہے بلکہ رمضان کے دوران بڑی مقدار میں زرمبادلہ کی آمد کی بھی امید ہے۔

جواب چھوڑیں

Please enter your comment!
Please enter your name here