انٹلیکچوئل پراپرٹی رائٹس کے تحفظ کیلئے لاہور چیمبر میں سپورٹ سنٹر قائم کیا جائے گا

1525

لاہور: لاہور چیمبر آف کامرس اینڈ انڈسٹری (ایل سی سی آئی) اور انٹلیکچول پراپرٹی آرگنائزیشن (آئی پی او) نے صنعت و تجارت کے مفادات اور انٹلیکچول پراپرٹی رائٹس کے بارے میں شعور و آگہی پیدا کرنے کیلئے مفاہمتی یادداشت پر دستخط کر دئیے۔

مفاہمتی یادداشت پر صدر لاہور چیمبر میاں طارق مصباح اور ڈائریکٹر جنرل آئی پی او شازیہ عدنان نے دستخط کیے، مفاہمتی یادداشت کی رو سے آئی پی او لاہور چیمبر میں ٹیکنالوجی اور انوویشن سپورٹ سنٹر قائم کرے گا جو چیمبر کے ممبران کی ضروریات کے مطابق خدمات مہیا کرے گا۔

لاہور چیمبر اس سنٹر کو چلانے کے لیے مطلوبہ انتظامی سہولیات دے گا اور ایک فوکل پرسن بھی نامزد کرے گا۔

اس حوالے سے میاں طارق مصباح نے کہا کہ آج کے دور میں انٹلیکچول پراپرٹی رائٹس اور ٹریڈ مارک نہایت اہمیت کے حامل ہیں، اس سلسلے میں آئی پی او کا کردار بہت اہم ہے۔

انہوں نے کہا کہ لاہور چیمبر میں وَن ونڈو سمارٹ سروسز کے تحت مختلف ہیلپ ڈیسک قائم کئے گئے ہیں جو چیمبر کے ممبران کو بہت سی خدمات اور ضروری معلومات فراہم کرتے ہیں۔

میاں طارق مصباح نے کہا کہ ٹیکنالوجی اور انوویشن سپورٹ سینٹر کے قیام سے لاہور چیمبر کی جانب سے فراہم کی جانے والی خدمات میں اضافہ ہو گا۔

ڈائریکٹر جنرل آئی پی او شازیہ عدنان نے توقع ظاہر کی کہ دونوں اداروں کے درمیان مفاہمتی یادداشت بہت دور رس نتائج کی حامل ہے اور کاروباری برادری کو سہولیات دینے کے لیے دونوں اداروں کے درمیان تعاون کو فروغ دیا جائے گا۔

جواب چھوڑیں

Please enter your comment!
Please enter your name here