ایمریٹس ائیرلائن کا تین ہزار ملازمین بھرتی کرنے کا فیصلہ

694

دبئی: ایک ایسے وقت میں جب عالمی ایوی ایشن انڈسٹری کو وبا کے باعث ریونیو میں کمی سمیت دیگر مشکلات کا سامنا ہے اور اکثر ائیرلائنز ملازمین کو فارغ کرکے بچت کر رہی ہیں، ایمریٹس ائیرلائن نے تین ہزار ملازمین بھرتی کرنے کا فیصلہ کیا ہے۔

عرب ذرائع ابلاغ کے مطابق امارات ائیرلائن کی جانب سے جاری کردہ بیان میں کہا گیا ہے کہ کمپنی بڑی تعداد میں بھرتیاں کرنے کا منصوبہ رکھتی ہے اور ان میں دبئی مرکز کے لئے 500 معاون عملہ بھی شامل ہو گا جو کہ آپریشنز کی بحالی میں مدد دے گا۔

فضائی کمپنی نے امید ظاہر کی ہے کہ یہ تمام بھرتیاں چھ ماہ کے اندر مکمل کر لی جائیں گی۔ کورونا وائرس کی وجہ سے سب سے زیادہ متاثر ہونے والے شعبوں میں ایوی ایشن کا شعبہ بھی شامل ہے، دنیا کی کئی ائیرلائنز کو عملے کو نوکریوں سے برخاست کرنے کے علاوہ حکومتوں سے مالی مدد بھی حاصل کرنا پڑی۔

یہ بھی پڑھیے: وبا سے عالمی ایوی ایشن انڈسٹری کو ناقابل تلافی نقصان، بڑی ائیرلائنز کو اربوں ڈالر کا خسارہ

یاد رہے کہ گزشتہ سال جون 2020ء میں امارات ائیرلائن نے کورونا وائرس کے باعث ہزاروں ملازمین کی نوکریاں ختم کرتے ہوئے بقیہ ملازمین کی تنخواہوں میں کمی کا اعلان کیا تھا۔

ایمریٹس ائیرلائن کو مارچ 2021ء میں ختم ہونے والے کاروباری سال کے دوران 30 سال میں پہلی بار خسارے کا سامنا کرنا پڑا، اس حوالے سے ائیرلائن نے کہا کہ کورونا وائرس لاک ڈائون اور سفری پابندیوں کے باعث دیگر فضائی کمپنیوں کی طرح اس کی سرگرمیاں بھی بری طرح متاثر ہوئیں جس کے باعث اپریل 2020ء سے 31 مارچ 2021ء تک کاروباری سال کے دوران اسے منافع کے بجائے 20.3 ارب درہم یعنی 5.5 ارب ڈالر بعد از ٹیکس خسارہ ہوا۔

دوسری جانب کورونا وائرس نے عالمی ایوی ایشن انڈسٹری کو اس قدر ناقابل تلافی تلافی نقصان سے دوچار کر دیا کہ بڑی بڑی ائیرلائنز خسارے میں چلی گئی ہیں اور فضائی مسافروں کی تعداد وبا سے قبل کی سطح پر پہنچنے کیلئے مزید دو سال لگیں گے۔

انٹرنیشنل ایئر ٹرانسپورٹ ایسوسی ایشن (ایاٹا) کے مطابق 2023ء تک فضائی مسافروں کی تعداد کورونا وائرس کی وبا سے پہلے والی بلند ترین سطح پر پہنچنے کی توقع ہے، ایاٹا کے ڈائریکٹر جنرل وِلی والش کا کہنا ہے کہ وبا کے پھیلاﺅ کے باعث اب بھی بیشتر ممالک میں چوتھی لہر جاری ہے اور وہاں بتدریج سفری پابندیاں عائد ہوتی رہتی ہیں۔

انہوں نے کہا کہ دستیاب اعدادوشمار کی روشنی میں توقع ہے کہ رواں برس فضائی مسافروں کی تعداد وبا سے قبل کی شرح کے صرف 52 فیصد تک پہنچ پائے گی جبکہ اگلے برس یہ شرح 88 فیصد تک پہنچنے کی توقع ہے تاہم مسافروں کی تعداد وبا سے قبل کی 5.6 ارب کی سالانہ عالمی شرح تک پہنچنے کے لیے 2023ء کا انتظار کرنا ہو گا۔

جواب چھوڑیں

Please enter your comment!
Please enter your name here