پی آئی اے کیلئے 13 کروڑ ڈالر، ایف بی آر کیلئے 3.86 ارب روپے کی منظوری

اقتصادی رابطہ کمیٹی کے منظور کردہ فنڈز سے پی آئی اے کے کیش فلو کے مسائل حل کرنے اور ایف بی آر کے آئی ٹی سسٹم کو مضبوط بنانے میں مدد ملے گی، پاسکو ذخائر سے آزاد کشمیر کو تین لاکھ میٹرک ٹن گندم جاری کرنے کی بھی منظوری

741
اسلام آباد: وفاقی وزیر خزانہ شوکت ترین کابینہ کی اقتصادی رابطہ کمیٹی (ای سی سی) کے اجلاس کی صدارت کر رہے ہیں (تصویر: پی آئی ڈی)

اسلام آباد: وفاقی کابینہ کی اقتصادی رابطہ کمیٹی (ای سی سی) نے پی آئی اے کی کیش سپورٹ کیلئے 13 کروڑ ڈالر جبکہ ایف بی آر کے آئی ٹی سسٹم کو بہتر بنانے کیلئے 3.86 ارب روپے کی منظوری دے دی۔

بدھ کو وزیر خزانہ شوکت ترین کی زیر صدارت اقتصادی رابطہ کمیٹی کا اجلاس منعقد ہوا، ایوی ایشن ڈویژن نے اجلاس کو آگاہ کیا کہ وبا کے دوران مختلف ممالک کی جانب سے سفری پابندیوں کی وجہ سے قومی ائیرلائن کو ریونیو میں کمی کا اور نقد رقم کی دستیابی جیسے مسائل کا سامنا کرنا پڑا۔

اقتصادی رابطہ کمیٹی نے پاکستان انٹرنیشنل ائیرلائن کارپوریشن کے مالیاتی مسائل دور کرنے کیلئے 13 کروڑ ڈالر فراہم کرنے کی منظوری دے دی۔

کمیٹی نے موجودہ منظور شدہ گارنٹی میں اضافے کی بھی منظوری دی جس سے پی آئی اے اپنے مالیاتی چیلنجز پر قابو پانے کے قابل ہو گی۔

اجلاس میں وزارت صنعت و پیداوار نے ربیع سیزن 22 -2021ء کے دوران سوئی ناردرن پر انحصار کرنے والے کھاد ساز کمپنیوں (ایگری ٹیک اور فاطمہ فرٹیلائزر) کو آر ایل این جی کی فراہمی کے لیے ایک سمری پیش کی۔

ای سی سی نے مذکورہ پلانٹس کو 70 ایم ایم جی آر ایل این جی کی فراہمی کی منظوری دے دی اور ملک میں یوریا کی مجموعی طلب کا جائزہ لینے کیلئے کھاد ساز کمپنیوں کے نمائندوں کے ساتھ مشاورتی اجلاس منعقد کرنے اور بفر سٹاک برقرار رکھنے کے لیے یوریا درآمد کرنے کے امکان پر غور کرنے کی ہدایت کر دی۔

وزارت تجارت نے آلات جراحی کی برآمد پر کم از کم برآمدی قیمت کی شرائط منسوخ کرنے کے حوالے سے سمری پیش کی جسے کمیٹی مناسب غور و خوض کے بعد منظوری کر لیا۔

ای سی سی نے ہدایت کی ایکسپورٹ پالیسی آرڈر 2020ء میں ضروری ترامیم کی جائیں تاکہ کم از کم برآمدی قیمت کی شرط کو منسوخ کیا جا سکے اور برآمدات کو عالمی مارکیٹ میں مسابقتی بنایا جا سکے۔

وزارت قومی غذائی تحفظ و تحقیق نے مالی سال 22-2021ء کے لیے پاسکو سٹاک میں سے آزاد کشمیر کو گندم فراہمی کیلئے فورم کے سامنے ایک سمری پیش کی۔ ای سی سی نے مقامی/درآمدی سٹاک کے طور پر 80/20 کے تناسب سے آزاد کشمیر کو تین لاکھ میٹرک ٹن گندم فراہم کرنے کی منظوری دے دی۔

اقتصادی رابطہ کمیٹی نے سائبر حملوں میں اضافہ اور ٹیکس دہندگان کے ڈیٹا کو محفوظ بنانے کیلئے ایف بی آر کے آئی ٹی ڈھانچہ کی ترقی کیلئے 3 ارب 86 کروڑ روپے کی منظوری دے دی۔

اجلاس میں وفاقی وزراء اسد عمر، فخر امام ، حماد اظہر، علی زیدی ، خسرو بختیار ، مشیران عبدالرزاق داد ، فرخ حبیب، تابش گوہر، وفاقی سیکرٹریز، چیئرمین ایف بی آر، ڈپٹی چیئرمین پلاننگ کمیشن اور دیگر اعلیٰ افسران نے شرکت کی جبکہ گورنر سٹیٹ بینک رضا باقر ورچوئلی شریک ہوئے۔

جواب چھوڑیں

Please enter your comment!
Please enter your name here