پاکستان میں فائیو جی ٹیکنالوجی کب متعارف کروائی جائے گی؟

967

اسلام آباد: دنیا کے کئی ممالک میں تیز ترین انٹرنیٹ کیلئے فائیوجی ٹیکنالوجی تجرباتی بنیادوں پر جبکہ کچھ شہروں میں مستقل بنیادوں پر متعارف کروائی جا چکی ہے۔

اگرچہ پاکستان میں بھی کئی ممالک کی طرح فائیوجی ٹیکنالوجی پر کام جاری ہے اور اس حوالے سے حکومت کی جانب سے مختلف دعوے سامنے آتے رہے ہیں تاہم اب وفاقی کابینہ کو آگاہ کیا گیا ہے کہ آئندہ سال ملک میں فائیو ٹیکنالوجی متعارف کروا دی جائے گی لیکن اب بھی حتمی تاریخ کا اعلان نہیں کیا گیا۔

منگل کو وزیراعظم عمران خان کی زیر صدارت وفاقی کابینہ کے اجلاس کے بعد میڈیا بریفنگ میں وزیر اطلاعات و نشریات فواد چوہدری نے بتایا کہ اجلاس کے دوران وفاقی وزیر برائے انفارمیشن ٹیکنالوجی و ٹیلی کمیونیکیشن سید امین الحق نے ٹیلی کام سپیکٹرم کی حالیہ فروخت کے حوالے سے کابینہ کو آگاہ کیا۔

یہ بھی پڑھیے: 

پی ٹی سی ایل کا محدود ماحول میں فائیو جی ٹیکنالوجی کا ٹرائل کامیاب

دنیا ابھی فائیو جی کیلئے کوشاں، ایپل نے 6 جی پر تحقیق شروع کر دی

پاکستان کا پہلا صوبہ جہاں فائیوجی ٹیکنالوجی متعارف کرانے کیلئے عملی کام شروع ہو گیا

اجلاس کو بتایا گیا کہ موجودہ سپیکٹرم کی نیلامی میں ایک ٹیلی کام کمپنی نے حصہ لیا، اس سے پہلے بھی ایک کمپنی نیلامی میں حصہ لیتی رہی ہے، 2016ء میں ٹیلی نار جبکہ 2017ء میں جاز نے سپیکٹرم نیلامی میں حصہ لیا تھا۔

کابینہ کو بتایا گیا کہ اگلے سال ملک میں فائیو جی ٹیکنالوجی لانچ کر دی جائے گی جس میں متعدد کمپنیاں دلچسپی کا اظہار کر رہی ہیں۔

کابینہ نے پاکستان ٹیلی کام اتھارٹی (پی ٹی اے) کو ہدایت کی کہ ملک میں معیاری ٹیلی کام سروسز کو یقینی بنایا جائے تاکہ ٹیلی کام سیکٹر میں انقلاب کے ثمرات ملک کے ہر کونے میں عوام کو میسر آ سکیں۔

واضح رہے کہ رواں سال فروری میں پاکستان ٹیلی کمیونیکیشن لمیٹڈ گروپ نے محدود ماحول میں فائیوجی ٹیکنالوجی کا نان کمرشل بنیاد پر ٹرائل کامیابی سے مکمل کرنے کا دعویٰ کیا تھا، اس حوالے سے منعقدہ تقریب میں وفاقی وزیر انفارمیشن ٹیکنالوجی سید امین الحق نے بھی شرکت کی تھی۔

تقریب وفاقی وزیر سید امین الحق اور دیگر شخصیات کو فائیو جی کے استعمال کا براہ راست منظر نامہ پیش کیا گیا جس میں پاکستان میں کسی اور مقام سے سرجری، کلاﺅڈ گیمنگ اور متوقع فائیو جی ٹیکنالوجی کی حامل ایپلی کیشنز کا استعمال شامل تھا۔ مزید برآں پی ٹی سی ایل گروپ نے ایک محدود ماحول میں فائیو جی ٹرائل کے دوران 1.685 جی بی تک تیز ترین ڈیٹا ریٹ کے ساتھ ڈاﺅن لوڈ سپیڈ بھی حاصل کی۔

اس سے قبل جنوری 2021ء میں ٹیلی نار پاکستان کے زیراہتمام منعقدہ ”ٹیک ٹرینڈز2021ء“ کی تقریب سے بہ حیثیت مہمان خصوصی خطاب کرتے ہوئے وفاقی وزیر آئی ٹی سید امین الحق نے کہا کہ دسمبر 2022ء تک ملک میں فائیو جی ٹیکنالوجی متعارف کرا دی جائے گی لیکن فائیو جی متعارف کرانے کے لئے فورجی ٹیکنالوجی کو فروغ دینا ہو گا۔

جواب چھوڑیں

Please enter your comment!
Please enter your name here