کراچی: اینگرو کارپوریشن کی ملکیتی کمپنی اینگرو انفرا شیئر نے میزان بینک اور فیصل بینک کی قیادت میں ساڑھے 4 ارب روپے کے اسلامک سینڈیکیٹ کا انتظام کیا ہے۔
اسلامک سینڈیکیشن سے حاصل ہونے والی آمدن ملک میں کام کرنے والے مختلف موبائل نیٹ ورک آپریٹرز کیلئے ٹاور سائیٹس کو فروغ دینے کیلئے استعمال کی جائے گی۔
اس حوالے سے جاری کردہ اعلامیہ کے مطابق دو سال کی رعایتی مدت کے ساتھ اس فنانسنگ کی کل مدت سات سال ہو گی۔ سینڈیکیٹ میں میزان بینک، فیصل بینک، نیشنل بینک، ایم سی بی اسلامک بینک اور الائیڈ بینک شامل ہیں۔
اس سلسلے میں اینگرو کارپوریشن کے ہیڈ آفس میں منعقدہ تقریب میں معاہدے پر دستخط کیے گئے، اس موقع پر اینگرو کارپوریشن کے صدر غیاث خان، چیف فنانشل آفیسر مظہر حسنینی، سی ای او اینگرو انفرا شیئر فیصل ستار اور سینڈیکشن میں شامل بینکوں کے سربراہان موجود تھے۔
یہ بھی پڑھیے:
اینگرو کارپوریشن کی آمدن 30 فیصد اضافے سے 139 ارب روپے ریکارڈ
نجی کمپنی کا ٹیلی کام انفراسٹرکچر کے شعبے میں 21.5 ارب روپے سرمایہ کاری کا اعلان
اینگرو نے اینگرو کنیکٹ پرائیویٹ لمیٹڈ (E Connect) کے نام سے رابطہ کاری اور ٹیلی کام انفراسٹرکچر سے متعلق اقدامات کیلئے مخصوص پلیٹ فارم تشکیل دیا ہے۔
گزشتہ مہینے ہی اینگرو نے ٹیلی کام انفراسٹرکچر ورٹیکل میں اپنی مجموعی ایکویٹی سرمایہ کاری کو ساڑھے 21 ارب روپے تک بڑھانے کا اعلان کیا تھا۔
پاکستان میں کنیکٹیوٹی انفراسٹرکچر کی ترقی کو تیز کرنے کیلئے ٹیلی کام انفراسٹرکچر ورٹیکل 2019ء میں قائم کیا گیا تھا تاکہ لوگوں کو نئے ڈیجیٹل دور کا حصہ بننے کے مواقع فراہم کئے جا سکیں۔
اینگرو انفراشیئر مشترکہ ٹیلی کام ٹاورز کے حصول اور تعمیر، مختلف ٹیلی کام انفراسٹرکچر کی فراہمی اور متعلقہ خدمات بشمول سٹیٹ آف دی آرٹ نیٹ ورکنگ مانیٹرنگ سلوشنز کی فراہمی میں مصروف عمل ہے۔
اپنے آغاز سے کمپنی نے ملک کے تمام فعال موبائل نیٹ ورک آپریٹرز کے ساتھ مضبوط کاروباری تعلقات قائم کر لیے ہیں اور ملک بھرمیں بِلڈ ٹو سویٹ سائیٹس تیار کرنے کیلئے ان کے ساتھ مل کر کام کر رہی ہے تاکہ موبائل آپریٹرز کی کوریج اور کیپسٹی ضروریات کو پورا کیا جا سکے۔
اس وقت انفرا شیئر کے پاس 1800 سے زائد آپریشنل سائیٹس ہیں جبکہ موجودہ کرایہ داروں کی تعداد 1963 ہے اور ملک کے تمام موبائل نیٹ ورک آپریٹرز کے ساتھ کمپنی کے فریم ورک معاہدے موجود ہیں، اینگرو 2025ء تک انفرا شیئر کو پانچ ہزار بی ٹی ایس ٹاور کمپنی بنانے کا ارادہ رکھتی ہے۔