اسلام آباد: افغانستان میں نئی حکومت کے قیام کے بعد پاکستان انٹرنیشنل ائیرلائن (پی آئی اے) کی پہلی مسافر پرواز اسلام آباد سے کابل اور واپس اسلام آباد پہنچ گئی۔
قومی ائیر لائن کے ترجمان عبداللہ خان کی طرف سے جاری اعلامیہ کے مطابق پی آئی اے کا بوئنگ 777 طیارہ پی کے 6249 پاکستان کے مقامی وقت کے مطابق صبح پونے دس بجے اسلام آباد سے کابل پہنچا اور دوپہر 12 بج کر 2 منٹ پر واپس اسلام آباد پہنچ گیا۔
چیف آپریٹنگ آفیسر (سی ای او) ائیر کموڈور جواد ظفر پی آئی اے کے نمائندے کی حیثیت سے خود جہاز میں سوار تھے۔ یہ طیارہ بین الاقوامی صحافیوں کو کابل لے کر گیا اور عالمی بنک اور بین الاقوامی خبر رساں اداروں کی ٹیم کو واپس لے کر آیا۔
یہ بھی پڑھیے:
’افغانستان کو ڈالروں کی کمی کا سامنا، تجارت پاکستانی روپے میں ہو گی‘
پاکستان کا افغانستان کیلئے امدادی سامان بھیجنے کا فیصلہ، چین کا 3 کروڑ ڈالر امداد کا اعلان
کابل ائیرپورٹ پر خدمات کی بحالی کیلئے افغان سول ایوی ایشن اور پی آئی اے کے کابل میں تعینات عملے نے خصوصی انتظامات کئے اور ڈیوٹی جوائن کرکے پرواز کے انتظامات سنبھالے۔
ترجمان کے مطابق افغانستان میں پاکستان کے سفیر منصور احمد خان اور دیگر سفارتی عملے کی اس سلسلے میں کاوشیں قابل تحسین ہیں، کابل ائیرپورٹ پر پی آئی اے کا نام اور پرواز نمبر آویزاں ہے۔
کابل میں نئی حکومت کے قیام کے بعد یہ پہلی بین الاقوامی مسافر پرواز تھی، سی ای او پی آئی اے نے کہا کہ پرواز کا مقصد پاکستان اور افغانستان کے مابین خیر سگالی کو فروغ دینا اور انسانی ہمدردی کی بنیادوں پر آپریشن کو مضبوط کرنا ہے۔ پی ائی اے اور پوری دنیا کیلئے یہ آپریشن بہت اہم ہے۔
پی آئی اے کے سربراہ ائیر مارشل (ر) ارشد ملک نے کہا کہ رابطوں کی بحالی کے لئے سب ہماری طرف دیکھ رہے ہیں، امید ہے جلد ہم آپریشن مکمل طور پر بحال کرنے میں کامیاب ہو جائیں گے ۔