اگست میں 26 فیصد اضافہ سے 2.66 ارب ڈالر کی ترسیلات زر موصول

رواں مالی سال کے ابتدائی دو ماہ میں مجموعی ترسیلات زر 5.36 ارب ڈٓالر، مسلسل چھٹے ماہ اوسطاََ 2 ارب 70 کروڑ ڈالر کے لگ بھگ اور مسلسل پندرہویں مہینے دو ارب ڈالر سے زائد ریکارڈ کی گئیں

896

کراچی: بیرون ملک مقیم پاکستانی کارکنوں کی ترسیلات زر اگست 2021ء کے دوران 2 ارب 66 کروڑ ڈالر ریکارڈ کی گئیں۔

یہ مسلسل چھٹا مہینہ ہے کہ بیرون ملک مقیم پاکستانیوں کی ترسیلات زر اوسطاََ 2 ارب 70 کروڑ ڈالر کے لگ بھگ ریکارڈ کی جا رہی ہیں جبکہ مسلسل پندرہویں مہینے ترسیلات زر کا حجم دو ارب ڈالر سے زائد رہا ہے۔

سٹیٹ بینک آف پاکستان (ایس بی پی) کے مطابق اگست 2021ء میں بیرون ملک مقیم پاکستانیوں کی طرف سے 2 ارب 66 کروڑ ڈالر کی ترسیلات زر سالانہ اعتبار سے اگست 2020ء کے مقابلے میں 26.8 فیصد زیادہ رہی ہیں۔

تاہم ماہانہ اعتبار سے جولائی 2021ء کے مقابلے میں اگست میں ترسیلات زر میں 5 کروڑ ڈالر کی معمولی کمی دیکھنے میں آئی، جولائی میں ترسیلات زر کا حجم 2 ارب 71 کروڑ ڈالر رہا تھا۔ رقوم کی ترسیل میں یہ کمی عید کے بعد کی معمول کی سست روی کی سے ہوئی۔

یہ بھی پڑھیے: 

روشن ڈیجیٹل اکائونٹس کے ذریعہ ترسیلات زر 2 ارب ڈالر سے تجاوز کر گئیں

کیا ترسیلات زر میں اضافے کیلئے مراعات اور پُرکشش سکیموں کے ذریعے حکومت اوورسیز پاکستانیوں کے دل جیت پائے گی؟

رواں مالی سال 2021-22ء کے ابتدائی دو ماہ (جولائی اور اگست) کے دوران مجموعی طور  پر بیرون ملک مقیم پاکستانیوں کی ترسیلات زر کا حجم 5 ارب 36 کروڑ ڈالر رہا جو پچھلے سال کی اسی مدت کے مقابلے میں 10.4 فیصد زیادہ ہیں۔

اگست 2021 کے دوران سب سے زیادہ ترسیلات زر سعودی عرب سے 69 کروڑ 40 لاکھ ڈالر، متحدہ عرب امارات سے 51 کروڑ 20 لاکھ ڈالر، برطانیہ سے 35 کروڑ 30 لاکھ ڈالر اور امریکہ سے 27 کروڑ 90 لاکھ ڈالر ریکارڈ کی گئیں۔

گزشتہ سال سے ترسیلات زر کی آمد میں مسلسل بہتری کے اسباب میں باضابطہ طریقوں کے استعمال کی ترغیب دینے کے لیے حکومت اور سٹیٹ بینک کے فعال پالیسی اقدامات، کووڈ 19 کی بنا پر سرحد پار سفر میں کمی، وبا کے دوران پاکستان کو بھیجی جانے والی فلاحی رقوم اور زرمبادلہ مارکیٹ کے منظم حالات شامل تھے۔

حکومت کی جانب سے قانونی اور بینکنگ ذرائع سے ترسیلات زر کی حوصلہ افزائی کیلئے سہولیات اور اقدامات کے نتیجہ میں بیرون ملک کارکنوں کی جانب سے رقوم بھیجنے میں مسلسل اضافہ ریکارڈ کیا گیا ہے اور گزشتہ مالی سال 2020-21ء کے اختتام پر ترسیلات زر کا حجم 29.4 ارب ڈالر تک پہنچ گیا جو ملکی تاریخ کی بلند ترین سطح ہے۔

جواب چھوڑیں

Please enter your comment!
Please enter your name here