دو ماہ میں برآمدات میں 27 فیصد، درآمدات میں 72 فیصد اضافہ، تجارتی خسارہ 119 فیصد بڑھ گیا

جولائی اور اگست 2021ء میں مجموعی برآمدات 4 ارب 57 کروڑ 30 لاکھ ڈالر، درآمدات 6 ارب 99 کروڑ ڈالر رہیں جبکہ تجارتی خسارہ 7 ارب 49 کروڑ 10 لاکھ ڈالر تک جا پہنچا

1114

اسلام آباد: رواں مالی سال 2021-22ء کے ابتدائی دو ماہ میں قومی برآمدات میں 27.59 فیصد، درآمدات میں 72 فیصد اور تجارتی خسارہ میں 119 فیصد اضافہ ریکارڈ کیا گیا ہے۔

پاکستان بیورو برائے شماریات (پی بی ایس) کے اعدادوشمار کے مطابق جولائی اور اگست 2021ء میں پاکستان کی مجموعی برآمدات کا حجم 4 ارب 57 کروڑ 30 لاکھ ڈالر ریکارڈ کیا گیا جو گزشتہ مالی سال کی اسی مدت کے 3 ارب 58 کروڑ 40 لاکھ ڈالر کے مقابلہ میں 27.59 فیصد زیادہ ہے۔

اس عرصہ میں پاکستان کی درآمدات میں گزشتہ مالی سال کے مقابلہ میں 72.59 فیصد اضافہ ہوا ہے، گزشتہ مالی سال کے پہلے دو ماہ میں پاکستان کی مجموعی درآمدات کا حجم 6 ارب 99 کروڑ ڈالر ریکارڈ کیا گیا تھا جو جاری مالی سال کے پہلے دو ماہ میں بڑھ کر 12 ارب 6 کروڑ 40 لاکھ ڈالر ہو گیا۔

دوسری جانب وزارت تجارت کے ترجمان کے مطابق اگست 2021 میں ٹیکسٹائل، گارمنٹس، کاٹن کے کپڑے، چاول، جرسیوں کی برآمدات میں ریکارڈ اضافہ ہوا ہے۔

خدمات کی برآمدات میں جولائی 2020ء کے مقابلے میں جولائی 2021ء میں 6.4 فیصد کا اضافہ ہوا، جولائی 2021ء میں خدمات کی برآمدات 48 کروڑ 30 لاکھ ڈالر رہیں جو جولائی 2020ء میں 45 کروڑ 40 لاکھ ڈالر پر تھیں۔

اگست 2021ء میں امریکا کو 53 کروڑ 48 لاکھ ڈالر، چین کو 19  کروڑ 72 لاکھ 70 ہزار ڈالر، برطانیہ کو 16 کروڑ 25 لاکھ 80 ہزار ڈالر کی برآمدات کی گئیں۔

اگست میں نیدرلینڈز کو 12 کروڑ 19 لاکھ 60 ہزار ڈالر ڈالر، جرمنی کو 12 کروڑ 8 لاکھ 40 ہزار ڈالر، سپین کو 10 کروڑ ڈالر، افغانستان کو چار کروڑ 98 لاکھ 60 ہزار ڈالر، ڈنمارک کو ایک کروڑ 19 لاکھ 30 ہزار ڈالر کی برآمدات کی گئیں۔

اسی طرح جنوبی کوریا کو ایک کروڑ 6 لاکھ 20 ہزار ڈالر، انڈونیشیا کو 81 لاکھ 50 ہزار ڈالر، سنگاپور کو 44 لاکھ 40 ہزار ڈالر اور جمہوریہ چیک کو 35 لاکھ 20 ہزار ڈالر کی برآمدات ریکارڈ کی گئیں۔

اگست 2021ء میں پاکستان نے ہوم ٹیکسٹائل کی 38 کروڑ 50 لاکھ 80 ہزار ڈالر، مینز گارمنٹس 37 کروڑ 71 لاکھ 40 ہزار ڈالر ، کاٹن فیبرک 18 کروڑ 92 لاکھ 70 ہزر ڈالر اور ٹی شرٹس 4 کروڑ 26 لاکھ 40 ہزار ڈالر مالیت کی برآمدات کیں۔

چاول کی برآمدات کا حجم 14 کروڑ 20 لاکھ 50 ہزار ڈالر، فروٹ اینڈ ویجیٹل 5 کروڑ 83 لاکھ 40 ہزار ڈالر، سرجیکل آلات 3 کروڑ 24 لاکھ 20 ہزار ڈالر، فش اینڈ فش مصنوعات ایک کروڑ 2 لاکھ 70 ہزار ڈالر، سیمنٹ 94 لاکھ 90 ہزار ڈالر، ٹینٹس اینڈ کینوس 57 لاکھ ڈالر اور ووڈ اینڈ آرٹیکلز کی 16 لاکھ 70 ہزار ڈالر کی برآمدات کی گئیں۔

ادھر درآمدات میں ریکارڈ اضافے کی وجہ سے رواں مالی سال کے پہلے دو ماہ میں ملک کا تجارتی خسارہ 7 ارب 49 کروڑ 10 لاکھ ڈالر تک جا پہنچا جو گزشتہ مالی سال کی اسی مدت کے 3 ارب 40 کروڑ ڈالر کے مقابلہ میں 119.94 فیصد زیادہ ہے۔

جواب چھوڑیں

Please enter your comment!
Please enter your name here