اسلام آباد: حکومت نے کورونا وائرس کے مریضوں کی زندگی بچانے کیلئے استعمال ہونے والے ریمڈیسوئیر (remdesivir) انجیکشن کی قیمت میں کمی کر دی۔
منگل کو وزیراعظم عمران خان کی زیرصدارت منعقد ہونے والے وفاقی کابینہ کے اجلاس کے بعد میڈیا کو بریفنگ دیتے ہوئے وزیر اطلاعات و نشریات فواد چوہدری نے بتایا کہ کابینہ نے ریمڈیسوئیر 100 ایم جی انجیکشن کی ریٹیل پرائس 5 ہزار 680 روپے سے کم کر کے 3 ہزار 967 روپے مقرر کرنے کی منظوری دی ہے۔
انہوں نے بتایا کہ دسمبر 2020ء میں کورونا کی دوسری لہر کے دوران وفاقی کابینہ نے مذکورہ انجیکشن کی قیمت 9 ہزار 244 روپے سے کم کرکے 5 ہزار 680 روپے مقرر کی تھی کیونکہ اس انجیکشن کی کووڈ کے مریضوں کو ضرورت ہوتی ہے۔
اس سے قبل ملک میں کورونا وبا کی پہلی لہر کے دوران 16 جون 2020ء کو وفاقی کابینہ نے ریمیڈیسوئیر انجیکشن کی قیمت 10 ہزار 873 روپے مقرر کی تھی تاہم 17 اگست 2020ء کو ڈرگ ریگولیٹری اتھارٹی آف پاکستان (ڈریپ) نے مذکورہ انجیکشن کی قیمت کم کر کے 9 ہزار 244 روپے مقرر کر دی تھی۔
ڈریپ نے ریمیڈیسوئیر کے 100 ملی گرام انجیکشن کی قیمت میں 38 فیصد کمی کرنے کی تجویز بھی دی تھی کیونکہ اس وقت عالمی ڈرگ مارکیٹ میں مذکورہ انجیکشن کی قیمت 50 ڈالر سے کم ہو کر 35 ڈالر ہو چکی تھی۔
واضح رہے کہ ایک امریکی فارما سیوٹیکل فرم نے ریمڈیسیوئیر انجیکشن ایبولا وائرس سے متاثرہ مریضوں کے علاج کیلئے تیار کیا تھا لیکن کورونا ویکسین کی تیاری سے قبل کورونا سے متاثرہ افراد میں بھی اس کے استعمال سے اچھے نتائج سامنے آئے جس کے بعد اسے امریکا اور یورپ کی طرح پاکستان میں بھی ہنگامی علاج کےلیے منظور کیا گیا۔
ا