وزیر خزانہ کی وزارت تجارت کو درآمدات و برآمدات کا ماہانہ تجزیہ کرنے کی ہدایت

پاکستان کی معیشت میں تیزی آ رہی ہے، ملک جامع اور پائیدار ترقی کی سمت میں گامزن ہے: شوکت ترین کا اجلاس سے خطاب

850

اسلام آباد: وفاقی وزیر خزانہ شوکت ترین نے کہا ہے کہ پاکستان کی معیشت میں تیزی آ رہی ہے اور ملک جامع اور پائیدار ترقی کی سمت میں گامزن ہے۔

سوموار کو وزارت خزانہ میں تجارتی توازن سے متعلق اجلاس وزیر خزانہ شوکت ترین کی زیر صدارت منعقد ہوا جس میں وفاقی وزیر برائے اقتصادی امور عمر ایوب خان، سیکرٹری تجارت، سیکرٹری وزارت آئی ٹی، سیکرٹری خزانہ، گورنر سٹیٹ بینک، سربراہ سرمایہ کاری بورڈ اور دیگر اعلیٰ حکام نے شرکت کی۔

وزیراعظم کے مشیر برائے تجارت عبدالرزاق داﺅد کورونا وائرس کا شکار ہونے کی وجہ سے ویڈیو لنک کے ذریعہ اجلاس میں شریک ہوئے۔ سیکرٹری تجارت نے گزشتہ دو ماہ کے دوران تجارتی توازن کی صورت حال کے بارے میں شرکاء کو بریفنگ دی۔

انہوں نے بتایا کہ معیشت میں پھیلائو کی وجہ سے اقتصادی سرگرمیوں میں تیزی آئی ہے، ایک بار درآمد کی جانے والی اشیا جیسے کوویڈ 19 کی ویکسن اور خام مال کی طلب میں اضافہ کی وجہ سے جولائی اور اگست میں درآمدات میں اضافہ ہوا ہے۔

وزیر خزانہ نے کہا کہ وزارت تجارت کو ماہانہ بنیادوں پر درآمدات اور برآمدات کا تجزیہ کرنے کی ضرورت ہے، ملکی معیشت نمو کے مرحلہ میں ہے، گزشتہ مالی سال میں بڑھوتری کی شرح 4 فیصد ریکارڈ کی گئی ہے جس کی وجہ سے درآمدی شعبہ کی طلب میں اضافہ ہو رہا ہے، تجارتی خسارہ پائیدار سطح پر ہونے سے معیشت میں بحالی کے عمل کو تقویت ملے گی۔

انہوں نے کہا کہ کوویڈ 19 کی عالمگیر وبا سے نمٹنے کیلئے حکومت کی جانب سے اختیار کردہ دانش مندانہ پالیسیوں کی وجہ سے اقتصادی بحالی کاعمل تیز ہوا ہے، ملکی معیشت درست سمت میں گامزن ہے۔

شوکت ترین کا مزید کہنا تھا کہ محصولات میں اضافہ ہوا ہے، تجارتی اعتماد کے اشاریہ اور بین الاقوامی ریٹنگ ایجنسیوں کے پاکستانی معیشت سے متعلق اشاریوں میں بہتری آئی ہے جس سے اس بات کی عکاسی ہو رہی ہے کہ پاکستان کی معیشت میں تیزی آ رہی ہے اور ملک جامع اور پائیدار ترقی کی سمت میں گامزن ہے۔

جواب چھوڑیں

Please enter your comment!
Please enter your name here