155 ریلوے سٹیشنوں کو شمسی توانائی پر منتقل کرنے کا فیصلہ، سالانہ کروڑوں کی بچت ہو گی

791

لاہور: پاکستان ریلوے نے ملک بھر کے 155 ریلوے سٹیشنز کو شمسی توانائی پر منتقل کرنے کا فیصلہ کیا ہے جس سے بجلی کے اخراجات کی مد میں سالانہ کروڑوں روپے کی بچت ہو گی۔

اس حوالے سے چیئرمین ریلویز حبیب الرحمان گیلانی کا کہنا ہے کہ پاکستان ریلوے میں بجلی کی بچت کرنے کے حوالے سے سولر انرجی سسٹم متعارف کروانا بہت ضروری ہے جس کے لیے ریلوے آفیسرز میوگارڈن کالونی میں بھی سولر انرجی سسٹم کی تنصیب کے لیے اگلے ہفتے تک ٹینڈر جاری کیا جائےگا۔

ہفتہ کے روز ریلوے ہیڈکوارٹرز میں 155 ریلوے سٹیشنوں کی سولر انرجی پر منتقلی کے حوالے سے بریفنگ کے دوران پروجیکٹ ڈائریکٹر ضیاء اللہ ڈہری نے بتایا کہ اب تک 19 فرمز سسٹم پر آئی تھیں جن میں سے 14 فرمز نے پری بڈ کانفرنس میں شرکت کی اور اس پروجیکٹ سے ریلوے کو سالانہ 15 کروڑ روپے بچت ہو گی۔

ریلوے ہسپتالوں کی پبلک پرائیویٹ پارٹنرشپ کے تحت دیئے جانے والے اشتہار اور اس کے نتیجے میں آنے والی اب تک کی فرمز کے حوالے سے جنرل منیجر ویلفیئر اینڈ سپیشل انیشی اٹیو سمین اللہ گنڈا پور نے بریفنگ میں بتایا کہ اب تک 29 لوگوں نے بڈ ڈاکیومنٹس حاصل کیے ہیں جو کہ اب تک اچھا رسپانس ہے۔ جس کی پہلی پری بڈ کانفرنس ہو چکی ہے۔

چیئرمین ریلویز نے اس موقع پر کہا کہ ریلوے ہسپتالوں کے تاریخی عمارتوں کو ختم نہ کیا جائے بلکہ اس میں پارٹیاں بھی آئیں گی وہ اپنی مرضی سے چند تبدیلیاں کر سکتیں ہیں تاکہ قومی ورثہ بھی محفوظ رہے۔

قبل ازیں سیکرٹری/چیئرمین ریلویز کو کیماڑی سے مارشیلنگ یارڈ پیپری تک پبلک پرائیویٹ پارٹنرشپ کے تحت نئی ڈبل لائن ٹریک کی تعمیر اور آپریشن کے لیے فزیبلیٹی سٹڈی کے حوالے سے تبادلہ خیال کیا گیا اور اب تک ہونے والی پیش رفت کے بارے میں آگاہی فراہم کی گئی۔

مزید برآں چیئرمین ریلویز حبیب الرحمان گیلانی کو ریلوے میں پنشن ریفامز سے متعلق بھی بریفنگ دی گئی۔ اجلا س میں چیف ایگزیکٹوآفیسر پاکستان ریلویز نثار احمد میمن، ایڈیشنل جنرل منیجر انفراسٹرکچر سید آصف متین زیدی،جنرل منیجرڈبلیو اینڈ ایس آئی سمین اللہ گنڈا پور، چیف فنانس آفیسر محمد حامد محمود، ڈی جی پلاننگ عامر علی بلوچ، چیف میڈیکل اینڈ ہیلتھ آفیسر ڈاکٹرمحمد زاہد، چیف انجینئر اوپن لائن ارشد سلام خٹک سمیت دیگر اعلی افسران نے شرکت کی۔

جواب چھوڑیں

Please enter your comment!
Please enter your name here