اسلام آباد: رواں مالی سال کے پہلے مہینے کے دوران پاکستان کی بنگلہ دیش کو سرپلس تجارت کے حجم میں 5.71 فیصد اضافہ ہوا۔
پاکستان بیورو برائے شماریات (پی بی ایس) کے اعدادوشمار کے مطابق جولائی 2021 میں بنگلہ دیش کو پاکستانی برآمدات کا حجم 5 کروڑ 10 لاکھ 33 ہزار ڈالرریکارڈ کیا گیا جو جولائی 2020 کے دوران 4 کروڑ 82 لاکھ 90 ہزار ڈالر کی برآمدات کے مقابلہ میں 5.66 فیصد زیادہ ہے۔
اعدادوشمار کے مطابق مالی سال کے پہلے مہینہ میں بنگلہ دیش سے درآمدات میں 10.89 فیصد کی کمی ریکارڈ کی گئی، جولائی 2021ء میں درآمدات پر 35 لاکھ 18 ہزار ڈالر کا زرمبادلہ صرف کیا گیا جبکہ جولائی 2020ء میں بنگلہ دیش سے 39 لاکھ 48 ہزار ڈالر کی درآمدات کی گئیں۔
جاری مالی سال کے پہلے مہینہ میں ملک کی مجموعی برآمدات میں گزشتہ مالی سال کی اسی مدت کے مقابلہ میں 19.73 فیصد اضافہ ہوا ہے۔
گزشتہ سال جولائی میں 1.885 ارب ڈالر کی برآمدات ریکارڈ کی گئیں تھیں جبکہ رواں سال جولائی میں پاکستانی برآمدات کا حجم 2.257 ارب ڈالر ریکارڈ کیا گیا۔
اس کے برعکس مجموعی ملکی درآمدات میں مالی سال کے پہلے مہینہ میں 51.70 فیصد کی نمو ہوئی، جولائی میں 5.396 ارب ڈالر کی درآمدات ریکارڈ کی گئیں جبکہ گزشتہ سال جولائی میں ملک کی مجموعی درآمدات کا حجم 5.396 ارب ڈالر ریکارڈ کیا گیا تھا۔