اسلام آباد: وزارت ہائوسنگ اور چین کی معروف تعمیراتی کمپنی باہمی اشتراک سے کم لاگت ہائوسنگ یونٹس کے ساتھ کچی آبادیوں کی اَپ گریڈیشن کریں گے۔
اس حوالے سے وزارت ہائوسنگ اور چائنا سٹیٹ کنسٹرکشن انجینئرنگ کارپوریشن (سی ایس سی ای سی) کے درمیان باضابطہ طور پر مفاہمتی یادداشت پر دستخط کر دیئے گئے۔
کم آمدنی والے شہریوں کے لئے تعمیر کئے جانے والے گھروں میں صاف پانی اور حفظان صحت کے اصولوں کے مطابق بہترین ماحول کی فراہمی کا خصوصی خیال رکھا جائے گا۔
یہ بھی پڑھیے: سٹیٹ بینک نے زیر تعمیر منصوبوں میں ہاﺅسنگ فنانس کے فروغ کے لیے ہدایات جاری کردیں
ترجمان وزارت ہائو سنگ کے مطابق مفاہمتی یادداشت پر دستخط کے حوالے سے خصوصی تقریب کا انعقاد اسلام آباد میں کیا گیا، حکومت پاکستان کی جانب سے وفاقی سیکرٹری ہائوسنگ و تعمیرات ڈاکٹر عمران زیب خان جبکہ چینی کمپنی کے نمائندے کِن گومِن (Qin Guomin) نے مفاہمتی یادداشت پر دستخط کئے۔
اس معاہدے کے تحت حکومت پاکستان تعمیرات اور رہائشی شعبوں میں زیادہ سے زیادہ چینی سرمایہ کاری کی خواہاں ہے جس کے تحت ملک میں ایسے تعمیراتی منصوبے شروع کئے جائیں گے جن سے نہ صرف روزگار کے وسیع مواقع میسر آئیں بلکہ ملک کی معاشی ترقی میں بھی اضافہ ہو۔
وزارت ہائوسنگ کے ترجمان نے بتایا کہ مذکورہ منصوبے کا بنیادی مقصد تعمیراتی ڈھانچے کی جدید خطوط پر تعمیر کے علاوہ کم لاگت والے رہائشی منصوبوں کی تکمیل شامل ہے جن میں سڑکوں، صاف پانی، بجلی، گیس اور بہترین سیوریج کے نظام کے ساتھ دیگر بنیادی سہولیات کی فراہمی یقینی بنائی جائے گی۔
مفاہمتی یادداشت کے تحت چین پاکستان اقتصادی راہداری کے تحت اس منصوبے کا انضمام مستقبل کے نفاذ کے طور پر پہلا قدم ہے، اسی طرح ملک کی تمام تعمیراتی سکیموں کے فروغ، فزیبلٹی، سرمایہ کاری، منصوبہ بندی اور تعمیراتی کاموں میں چائنا سٹیٹ کنسٹرکشن انجینئرنگ کارپوریشن لمیٹڈ کا نمایاں کردار ہو گا۔
وفاقی حکومت وزارت ہائوسنگ و تعمیرات کے ذریعے منصوبوں کے لئے زمین کی فراہمی، منصوبہ بندی اور تعمیرات کی اجازت دینے، جائیداد کے حقوق کی منتقلی، قرضوں کے حصول کے طریقہ کار، تعمیراتی منصوبوں کے لئے مارکیٹنگ اور فروخت سمیت تمام امور میں مرکزی کردار ادا کرے گی۔
مفاہمتی یادداشت پر دستخط کی تقریب سے خطاب کرتے ہوئے وفاقی سیکرٹری ڈاکٹر عمران زیب خان نے منصوبے کو اہم پیشرفت قرار دیا، انہوں نے کہا کہ اس منصوبے پر عمل درآمد کے لئے فریقین نے ایک ذیلی کمیٹی بنانے پر اتفاق کیا ہے جو معاہدے کے تحت پاکستان میں تعمیراتی سرگرمیاں شروع کرنے کے لئے 30 روز میں تجاویز پیش کرے گی۔
ڈاکٹر عمران زیب خان نے حکومت پاکستان کی جانب سے تعمیراتی شعبے میں سرمایہ کاری کرنے پر چینی کمپنی کے اقدام کو سراہا۔ انہوں نے پاکستان میں سرمایہ کاری کے لئے چینی سرمایہ کاروں کو ہر ممکن تحفظ اور سہولیات کی فراہمی کی پیشکش بھی کی جسے چینی کمپنیوں نے بھرپور سراہا اور پاکستان میں سرمایہ کاری کا یقین دلایا۔