کامیاب جوان پروگرام: اب تک کتنے نوجوانوں کو قرضے اور نوکریاں ملیں؟

904

اسلام آباد: کامیاب جوان پروگرام ملک بھر میں 30 ہزار نوجوانوں کے لئے نوکریاں پیدا کرنے والا پروگرام بن گیا۔

اس حوالے سے جاری کردہ تفصیلات کے مطابق کامیاب جوان پروگرام کے تحت اب تک 14 ہزار 275 نوجوانوں میں 18 ارب روپے تقسیم کیے گئے ہیں جبکہ اس پروگرام کے ذریعے ملک بھر میں 30 ہزار نوجوانوں کو روزگار کے مواقع میسر آئے ہیں۔

اس پروگرام کے تحت سب سے زیادہ سروسز سیکٹر میں 21 ہزار 389 (72 فیصد) نوجوان نوکریاں حاصل کرنے میں کامیاب رہے، زرعی شعبے میں 5 ہزار 238  یعنی 17.7 فیصد نوجوانوں کو روزگار کے فوری مواقع میسر آئے۔

یہ بھی پڑھیے: کامیاب جوان پروگرام: ’12 لاکھ درخواست گزاروں میں سے صرف 18 ہزار کو قرضہ دیا گیا‘

رپورٹ کے مطابق مینوفیکچرنگ سیکٹر تیسرے نمبر پر رہا اور اس میں 3 ہزار یعنی 10 فیصد نوجوانوں نے قرض لے کر ذاتی کاروبار شروع کیا یا انہیں نوکری ملی۔

کامیاب جوان پروگرام کی صوبائی رپورٹ کے مطابق پنجاب میں 22 ہزار 14 نوجوانوں نے اس پروگرام کے تحت قرضہ لے کر  اپنا کاروبار شروع کیا، سندھ میں 4 ہزار نوجوان کاروبار شروع کرنے میں کامیاب ہوئے۔

اسی طرح خیبرپختونخوا میں 2 ہزار 444 نوجوانوں کو قرض سے کاروبار اور روزگار میسر آیا، بلوچستان میں 169، گلگت بلستان میں 229 ، آزاد جموں و کشمیر میں 113 اور وفاقی دارلحکومت اسلام آباد میں  672 نوجوان برسر روزگار ہو گئے۔

وزیر اعظم کے معاون خصوصی برائے امور نوجوانان عثمان ڈار نے کہا ہے کہ وزیراعظم عمران خان نے ایک لاکھ نوجوانوں میں 100 ارب تقسیم کرنے کا ہدف دیا ہے، یہ پروگرام نوجوانوں کے لئے روزگار اور کاروبار کی بڑی امید بن گیا ہے۔

انہوں نے یقین دہانی کرائی کہ وزیراعظم عمران خان اور ان کی ٹیم نوجوانوں کو تنہا نہیں چھوڑے گی، تین سالوں میں ڈیڑھ سال کورونا کی نذر ہو گیا، اس کے باوجود پروگرام کامیابی سے جاری ہے، دو سال کی تفصیلات کامیاب جوان پروگرام کی ویب سائٹ پر فراہم کر دی گئی ہیں، وزیر اعظم کا مشن نوجوانوان کو باوقار روزگار کی فراہمی ہے۔

جواب چھوڑیں

Please enter your comment!
Please enter your name here