آٹو سیکٹر میں تیزی کی وجہ سے ملک میں پٹرولیم مصنوعات کی فروخت میں بھی نمایاں اضافہ

رواں مالی سال کے پہلے مہینے میں پٹرول کی فروخت میں 12.5 فیصد،  ڈیزل کی فروخت میں 7 فیصد، فرنس آئل کی فروخت میں 54 فیصد اضافہ ریکارڈ کیا گیا

743

اسلام آباد: رواں مالی سال کے آغاز سے ملک کے آٹو سیکٹر میں تیزی کی وجہ سے پٹرولیم مصنوعات کی فروخت میں نمایاں اضافہ ریکارڈ کیا گیا ہے۔

جاری مالی سال کے پہلے مہینے (جولائی) کے دوران ملک میں پٹرول کی فروخت میں 12.5 فیصد، ڈیزل 7 فیصد اور فرنس آئل کی فروخت میں 54 فیصد اضافہ دیکھا گیا۔

عارف حبیب لمیٹڈ (اے ایچ ایل) کی تجزیاتی رپورٹ کے مطابق جولائی 2020ء کے دوران پٹرول کی فروخت 0.72 ملین ٹن رہی تھی تاہم جولائی 2021ء میں پٹرول کی فروخت 0.81 ملین ٹن تک بڑھ گئی۔

اس طرح جولائی 2020ء کے مقابلہ میں جولائی 2021ء کے دوران پٹرول کی فروخت میں 90 ہزار ٹن یعنی 12.5 فیصد اضافہ ریکارڈ کیا گیا ہے۔

یہ بھی پڑھیے: کاروں کی فروخت میں 114 فیصد اضافہ، کیا معیشت بہتر ہو گئی؟

واضح رہے کہ جولائی 2021ء میں ملک میں ایک ہزار سی سی پاور کی گاڑیوں کی پیداوار 4 ہزار 508 یونٹس اور فروخت 6 ہزار 344 یونٹس ریکارڈ کی گئی۔

اسی طرح جولائی 2021ء میں 13 سو سی سی اور اس سے زیادہ پاور کی گاڑیوں کی پیداوار 6 ہزار 528 یونٹس جبکہ فروخت 7 ہزار 265 یونٹس ریکارڈ کی گئی۔

بینکوں کی جانب سے آسان آٹو فنانسنگ کی سہولیات، شرح سود اور سرکاری ٹیکسوں اور ڈیوٹیز میں کمی کی وجہ سے گاڑیوں کی فروخت بڑھی جس کا لامحالہ اثر پٹرولیم مصنوعات بالخصوص پٹرول کی کھپت پر پڑا۔

عارف حبیب لمیٹڈ کی رپورٹ کے مطابق جولائی 2020ء کے مقابلہ میں جولائی 2021ء کے دوران ڈیزل کی فروخت میں بھی 7 فیصد اضافہ ہوا اور گزشتہ سال جولائی میں ڈیزل کی فروخت 0.68 ملین ٹن سے جولائی 2021 میں 0.72 ملین ٹن تک بڑھ گئی۔

مزید برآں رواں مالی سال کے پہلے ماہ فرنس آئل کی فروخت بھی 54 فیصد بڑھی، جولائی 2020ء کے دوران ملک بھر میں فرنس آئل کی فروخت کا حجم 0.24 ملین ٹن رہا تھا جو جولائی 2021ء میں 0.37 ملین ٹن تک بڑھ گیا۔

جواب چھوڑیں

Please enter your comment!
Please enter your name here