افغانستان سے سٹاف کے محفوظ انخلاء پر آئی ایم ایف پاکستان کی کوششوں کا معترف

مشکل گھڑی میں افغانستان سے آئی ایم ایف سٹاف اور ان کے خاندانوں کے بہ حفاظت انخلاء پر دل کی گہرائیوں سے شکر گزار ہیں، منیجنگ ڈائریکٹر کرسٹیلینا جارجیوا کا وزیر اعظم عمران خان کے نام خط

880

اسلام آباد: وزیرِاعظم عمران خان کو بین الاقوامی مالیاتی فنڈ (آئی ایم ایف) کی منیجنگ ڈائریکٹر کرسٹیلینا جارجیوا نے مراسلہ ارسال کیا ہے جس میں افغانستان سے اپنے سٹاف اور ان کے اہل خانہ کے محفوظ انخلاء کے حوالے سے مثبت کردار پر پاکستان کا شکریہ ادا کیا گیا ہے۔

منیجنگ ڈائریکٹر آئی ایم ایف نے افغانستان سے انخلاء کے حوالے سے پاکستان کے کلیدی کردار کو خراج تحسین پیش کرتے ہوئے کہا کہ ’وہ انتہائی مشکل گھڑی میں افغانستان سے آئی ایم ایف سٹاف اور ان کے خاندانوں کے بہ حفاظت انخلاء پر دل کی گہرائیوں سے شکر گزار ہیں۔‘

کرسٹیلینا جارجیوا نے وزیراعظم پاکستان کے نام خط میں وزیرِ خارجہ، وزیر خزانہ، وزیر دفاع اور گورنر سٹیٹ بینک کے کردار کو بھی سراہا ہے۔ انہوں نے کہا ہے کہ مشکل وقت میں انخلاء کے حوالے سے پاکستان کی جانب سے اعلیٰ سطح پر کی جانے والی کوششیں کلیدی اہمیت کی حامل ہیں۔

یہ بھی پڑھیے: پی آئی اے نے کابل سے آئی ایم ایف، پولینڈ اور ترک سفارتی عملے کو نکال لیا

ان کا کہنا تھا کہ پاکستان اور آئی ایم ایف کے مابین شراکت داری پر شکر گزار ہیں اور اس تعاون کے تسلسل کے متمنی ہیں۔ کرسٹیلینا جارجیوا نے وزیرِ اعظم عمران خان اور پاکستانی عوام کے لئے نیک خواہشات کا بھی اظہار کیا۔

واضح رہے کہ 21 اگست کو پاکستان انٹرنیشنل ائیرلائنر (پی آئی اے) نے کابل میں پاکستانی سفارت خانہ کے تعاون سے آئی ایم ایف کے سٹاف کے 100، پولینڈ کے سفارت خانہ کے 90 جبکہ ترکی کے سفارت خانہ کے 220 ارکان کو پاکستان منتقل کیا تھا۔

اس حوالے سے افغانستان میں تعینات پاکستان کے سفیر منصور احمد خان نے کہا تھا کہ ’سفارت خانہ پہنچنے والے غیرملکی شہریوں کے ٹھہرنے اور ائیرپورٹ تک اُن کیلئے بسوں کا انتظام کیا گیا، یہ انتظامات صرف پاکستانی شہریوں کیلئے نہیں بلکہ افغان اور دیگرغیرملکی شہریوں کیلئے بھی ہیں۔‘

پاکستانی سفارت خانے میں پہنچنے والے افغانستان میں تعینات بین الاقوامی مالیاتی فنڈ کے مقامی اہلکار محمد  ضیاء نے بتایاکہ ’ہم یہاں اپنے آپ کو محفوظ سمجھ رہے ہیں، ہم پاکستانی سفارت خانہ کا شکریہ ادا کرنا چاہتے ہیں جنہوں نے ہمارے لئے بہترین انتظامات کئے۔‘

جواب چھوڑیں

Please enter your comment!
Please enter your name here