اسلام آباد: وزیراعظم کے مشیر برائے تجارت و سرمایہ کاری عبدالرزاق داﺅد نے کہا ہے کہ وزارت تجارت نے ڈراء بیک آف لوکل ٹیکسز اینڈ لیویز (ڈی ایل ٹی ایل) سکیم کے تحت 6 ارب روپے جاری کر دئیے ہیں۔
اپنے ٹویٹ میں وزیراعظم کے مشیر نے کہا کہ وزارت تجارت نے ڈراء بیک آف لوکل ٹیکسز اینڈ لیویز سکیم کے تحت 6 ارب روپے میں سے 5 ارب 60 کروڑ روپے ٹیکسٹائل سیکٹر جبکہ 40 کروڑ روپے نان ٹیکسٹائل شعبہ کیلئے جاری کیے ہیں۔
I am glad to share that the Ministry of Commerce (MOC) has released a total of Rs. 6 billion under DLTL schemes. This includes Rs. 5.6 billion for Textiles sector & Rs. 400 million for Non-Textile sector.
— Abdul Razak Dawood (@razak_dawood) August 24, 2021
انہوں نے امید ظاہرکی ہے کہ اس اقدام سے برآمدکنندگان کو کیش کے مسائل کو حل کرنے میں مدد ملے گی اور وہ ملکی برآمدات میں اضافہ کے قابل ہو جائیں گے۔
واضح رہے کہ حکومتی اقدامات اور ٹیکسٹائل سیکٹر کے برآمدکنندگان کی محنت کی وجہ سے گزشتہ مالی سال کے دوران ٹیکسٹائل کی قومی برآمدات کا حجم 23 فیصد اضافہ سے 15 ارب 40 کروڑ ڈالر تک بڑھ گیا۔
واضح رہے کہ دسمبر 2020ء میں وفاقی حکومت نے آئندہ پانچ سالوں کے دوران ٹیکسٹائل اور اپیرل ایکسپورٹس کے لیے 20.86 ارب ڈالر برآمدات کا ہدف مقرر کیا تھا۔
وزارتِ تجارت کے مالی سال 2020-21ء کے لیے ٹیکسٹائل برآمدات کا ہدف 13.6 ارب ڈالر مقرر کیا گیا تھا تاہم مالی سال کے اختتام پر ٹیکسٹائل اور اپیرل برآمدات کا مجموعی حجم 15 ارب 40 کروڑ ڈالر تک بڑھ گیا۔
وفاقی حکومت نے مالی سال 2021-2022 کے لیے 14.7 ارب ڈالر، 2022-2023 کے لیے 16.3 ارب ڈالر، 2023-2024 کے لیے 18.3 ارب ڈالر اور 2024-2025 کے لیے 20.8 ارب ڈالر کی ٹیکسٹائل مصنوعات برآمدات کرنے کا ہدف مقرر کر رکھا ہے۔