نادرا نے شناختی کارڈ کی تصدیق و تجدید کے نئے نظام کا اجراء کر دیا

1561

اسلام آباد: نیشنل ڈیٹابیس اینڈ رجسٹریشن اتھارٹی (نادرا) نے شناختی کارڈ کی تصدیق و تجدید کے نئے نظام کا اجراء کر دیا۔

نئے نظام کی بدولت ہر پاکستانی تصدیق کر سکتا ہے کہ ان کے خاندان میں کوئی اجنبی یا غیرمتعلقہ فرد تو رجسٹرڈ نہیں ہے۔ ’آپ کا خاندان محفوظ تو پاکستان محفوظ‘ کے مرکزی پیغام کے تحت آگاہی مہم کا آغاز کیا گیا ہے۔

ترجمان نادرا کے مطابق وزیراعظم عمران خان نے گزشتہ ہفتے نادرا ہیڈکوارٹرز کا دورہ کیا تھا جہاں انہیں چیئرمین نادرا طارق ملک نے ڈیجیٹل پاکستان کے مکمل روڈ میپ پر تفصیلی بریفنگ دی تھی۔

نادرا کے ڈیٹا بیس کو کسی بھی قسم کے غلط اندراج سے پاک بنانے کے لئے آرٹیفشل انٹیلیجنس جیسی جدید ٹیکنالوجی کا استعمال کیا جائے گا اور جعلی شناختی کارڈ کا سراغ لگایا جائے گا۔

ترجمان کے مطابق طارق ملک نے چیئرمین نادرا کا عہدہ سنبھالنے کے بعد انتہائی قلیل عرصے میں تصدیق و تجدید کے نظام کو تخلیق کیا اورعمل درآمد یقینی بنایا جس کی بدولت نادرا ڈیٹابیس میں موجود غیرملکیوں کی نشاندہی انتہائی آسان ہو گئی ہے۔

ترجمان نے مزید بتایا کہ تصدیق و تجدید کے اس جدید ترین نظام کی بدولت تمام پاکستانی شہری اپنے خاندان کے افراد کی تفصیل ایس ایم ایس کے ذریعے اپنے موبائل فون پر حاصل کر سکتے ہیں اور ان کی تصدیق بھی کر سکتے ہیں۔

عوام نادرا میں اپنے رجسٹرڈ موبائل نمبر سے 8009 پر اپنا قومی شناختی کارڈ نمبر بمعہ تاریخ اجراء ایس ایم ایس کریں، جواب میں آپ کو اپنے خاندان کے افراد کی تفصیلات (فیملی ٹری) موصول ہوں گی۔

ترجمان کا کہنا ہے کہ کوئی بھی معلومات اگر درست نہ ہوں یا خاندان میں کسی اجنبی یا غیرمتعلقہ فرد کا نام شامل ہو تو نادرا کو مطلع کرنے کے لئے جواب میں 1 لکھ کر ایس ایم ایس کریں۔ نادرا کا نمائندہ اس متعلق آپ سے رابطہ کرے گا۔

تصدیق و تجدید سروس سے فائدہ اٹھانے کے لئے ضروری ہے کہ ایس ایم ایس نادرا میں رجسٹرڈ اسی موبائل نمبر سے کیا جائے جو شناختی کارڈ یا “ب” فارم بنواتے وقت نادرا رجسٹریشن سینٹر پر فراہم کیا تھا۔

انہوں نے کہا کہ اگر آپ کا موبائل نمبر نادرا میں رجسٹرڈ نہیں تو آپ کسی بھی نادرا سینٹر پر موبائل نمبر کی رجسٹریشن یا تبدیلی کے لئے تشریف لائیں، یہ سہولت تمام نادرا رجسٹریشن سینٹرز پر مفت فراہم کی گئی ہے۔

ایس ایم ایس کے ذریعے موصول ہونے والی خاندان کی تفصیلات میں اگر خاندان کے کسی فرد کی تفصیل موجو نہ ہو تو آپ کسی بھی نادرا رجسٹریشن سینٹر پر جا کر اس کا اندراج کرا سکتے ہیں۔

جواب چھوڑیں

Please enter your comment!
Please enter your name here