اسلام آباد: ہنڈا اٹلس کارز لمیٹڈ کی سیلز میں رواں مالی سال کی دوسری سہ ماہی (اپریل تا جون) کے دوران 234.2 فیصد اضافہ ہوا ہے۔
عارف حبیب لمیٹڈ کے تجزیہ کار ارسلان حنیف نے اپنی تحقیقی رپورٹ میں کہا ہے کہ اپریل تا جون 2021ء کے دوران بالحاظ مالیت کمپنی کی سیلز کا حجم 21 ارب 80 کروڑ روپے تک بڑھ گیا جبکہ اپریل تا جون 2020ء میں کمپنی کی سیلز ساڑھے 6 ارب روپے ریکارڈ کی گئیں تھی۔
اس طرح سال 2020ء کی دوسری سہ ماہی کے مقابلے میں رواں سال 2021ء کے اسی عرصہ کے دوران ہنڈا اٹلس کارز لمیٹڈ کی سیلز میں 15 ارب 30 کروڑ روپے یعنی 234 فیصد سے زیادہ کا اضافہ ریکارڈ کیا گیا ہے۔
رپورٹ کے مطابق سال 2020ء کے مقابلہ میں سال 2021ء کی دوسری سہ ماہی (اپریل تا جون) کے دوران ہنڈا اٹلس کارز کی تیار کردہ گاڑیوں کی فروخت میں 226 فیصد اضافہ ہوا ہے۔
یہ بھی پڑھیے: کاروں کی فروخت میں 114 فیصد اضافہ، کیا معیشت بہتر ہو گئی؟
اعدادوشمار کے مطابق اپریل تا جون 2020ء میں ہونڈا اٹلس کی تیار کردہ گاڑیوں کی فروخت 2 ہزار 329 یونٹس رہی تھی تاہم اپریل تا جون 2021ء میں فروخت کا حجم 7 ہزار 593 یونٹس تک بڑھ گیا۔
اس طرح سال 2020ء کی دوسری سہ ماہی کے مقابلے میں رواں سال کے اسی عرصہ میں ہونڈا اٹلس کی گاڑیوں کی فروخت میں 5 ہزار 264 یونٹس یعنی 226 فیصد کا نمایاں اضافہ ریکارڈ کیا گیا ہے۔
دوسری جانب ہنڈا اٹلس کارز لمیٹڈ کو رواں سال کی دوسری سہ ماہی میں 92 کروڑ 80 لاکھ روپے بعد از ٹیکس منافع حاصل ہوا ہے جبکہ گزشتہ سال کی اسی مدت میں کمپنی کو 51 کروڑ 10 لاکھ روپے بعد از ٹیکس خسارہ ہوا تھا۔
کمپنی کی مالیاتی رپورٹ کے مطابق سال 2021ء کی دوسری سہ ماہی میں خالص آمدن میں اضافہ کے نتیجہ میں ہنڈا اٹلس کارز لمیٹڈ کی فی شئیر آمدن 6.5 روپے ریکارڈ کی گئی جبکہ اپریل تا جون 2020ء کے دوران اسے 3.58 روپے فی شئیر خسارے کا سامنا کرنا پڑا تھا۔