اشیائے خورونوش کی قیمتوں میں ہوشربا اضافہ، آٹے کا تھیلا 1350 روپے تک جا پہنچا

کراچی میں آٹے کے 20 کلو تھیلے کی قیمت 1350 روپے، حیدر آباد میں 1280، کوئٹہ 1240، اسلام آباد 1170، لاہور 1110، فیصل آباد میں 1020 روپے تک ہوگئی ہے، ادارہ برائے شماریات

1633

اسلام آباد: ملک بھر میں مہنگائی کے طوفان کی وجہ سے اشیائے خورونوش کی قیمتوں کو پر لگ گئے ہیں، کئی شہروں میں 20 کلو آٹے کے تھیلے کی قیمت 1350 تک پہنچ گئی۔

ادارہ برائے شماریات (پی بی ایس) کے مطابق کراچی اور حیدرآباد کے لوگ سب سے مہنگا آٹا خریدنے پر مجبور ہیں، کراچی میں آٹے کے 20 کلو تھیلے کی قیمت 1350 روپے، حیدر آباد میں 1280 روپے، کوئٹہ میں 1240 روپے تک پہنچ چکی ہے۔

اسی طرح راولپنڈی اور خضدار میں 20 کلو آٹے کا تھیلا ایک ہزار200 روپے، اسلام آباد میں ایک ہزار170 روپے اور لاڑکانہ میں ایک ہزار160 روپے میں فروخت ہو رہا ہے۔

یہ بھی پڑھیے:

غذائی مصنوعات کی برآمدات سے 4 ارب 39 کروڑ ڈالر کا زرمبادلہ حاصل

قیمتوں کے حساس اعشاریہ میں 13.33 فیصد اضافہ، 18 اشیائے ضروریہ کی قیمتیں بڑھ گئیں

پی بی ایس کے مطابق سکھر میں 20 کلو آٹے کی قیمت ایک ہزار140 روپے، پشاور اور بنوں ایک ہزار 130 روپے، لاہور ایک ہزار 110 روپے، گوجرانوالہ اور سیالکوٹ میں ایک ہزار 100 روپے، ملتان میں ایک ہزار80، سرگودھا ایک ہزار 70 روپے، بہاولپور ایک ہزار50 روپے اور فیصل آباد میں ایک ہزار20 روپے تک ہے۔

حکومت نے مالی سال21۔2020ء میں 98 کروڑ ڈالر کی 36 لاکھ 12 ہزار638 میٹرک ٹن گندم درآمد اور رواں مالی سال مزید 40 لاکھ میٹرک ٹن تک گندم درآمد کرنے کا منصوبہ بنایاہے۔

دوسری جانب آٹے کے علاوہ دیگر اشیائے خورونوش کی قیمتوں میں ہوشربا اضافہ ہو چکا ہے، موجودہ حکومت کے تین سالوں کےدوران آٹے کا 20 کلو کا تھیلا 362 روپے 33 پیسے مہنگا ہوا، اگست 2018 تا اگست 2021 دال ماش 95 روپے 60 پیسے فی کلو مہنگی ہوئی، دال مسور 43 روپے 94 پیسے، دال مونگ 68 روپے 86 پیسے، دال چنا 29 روپے 77 پیسے فی کلو مہنگی ہو گئی۔

اسی طرح چینی کی قیمت 105 روپے فی کلو تک جا پہنچی ہے جو اگست 2018ء میں 55 روپے فی کلو تھی، تین سالوں کے دوران چینی 49 روپے فی کلو مہنگی ہوئی ہے۔

دوسری جانب ادارہ برائے شماریات کی 13 اگست کو جاری کردہ ہفتہ وار رپوٹ کے مطابق ملک میں مشترکہ آمدنی والے گروپ کیلئے قیمتوں کے حساس اشاریہ میں ہفتہ وار 0.61 فیصد جبکہ سالانہ بنیادوں پر 13.33 فیصد اضافہ ریکارڈ کیا گیا اور ہفتہ کے دوران روزمرہ استعمال کی 6 اشیاء کی قیمتوں میں کمی، 18 کی قیمتوں میں اضافہ اور 27 کی قیمتوں میں استحکام رہا۔

جواب چھوڑیں

Please enter your comment!
Please enter your name here