قیمتوں کے حساس اعشاریہ میں 13.33 فیصد اضافہ، 18 اشیائے ضروریہ کی قیمتیں بڑھ گئیں

750

اسلام آباد: ملک میں مشترکہ آمدنی والے گروپ کیلئے قیمتوں کے حساس اشاریہ میں ہفتہ وار 0.61 فیصد جبکہ سالانہ بنیادوں پر 13.33 فیصد اضافہ ریکارڈ کیا گیا ہے۔

پاکستان بیورو برائے شماریات (پی بی ایس) کی طرف سے ملک میں افراط زر کے حوالہ سے ہفتہ وار رپورٹ جاری کی گئی ہے جس کے مطابق 12 اگست 2021ء کو ختم ہونے والے ہفتہ میں روزمرہ استعمال کی 6 اشیاء کی قیمتوں میں کمی اور 27 کی قیمتوں میں استحکام رہا جبکہ 18 اشیاء کی قیمتوں میں اضافہ ریکارڈ کیا گیا ہے۔

ہفتہ وار مہنگائی کا تعین 17 بڑے شہروں کی 50 مارکیٹوں میں 51 بنیادی ضرورت کی اشیاء کی قیمتوں کی بنیاد پر کیا جاتا ہے۔

جن اشیا کی قیمتوں میں کمی ہوئی ان میں کیلے کی قیمت میں 3.82 فیصد، انڈے 1.76 فیصد، پیاز 1.72 فیصد، دال مونگ 1.32 فیصد اور دال مسور کی قیمت میں 0.37 فیصد کمی ریکارڈ کی گئی ہے۔

ہفتہ رفتہ میں ٹماٹر کی قیمت میں 37.47 فیصد، چکن 9.21 فیصد، لہسن 4.45 فیصد، آلو 1.31 فیصد، بناسپتی گھی (ڈیڑھ کلو) 1.16 فیصد اور گڑ کی قیمت میں 1.07 فیصد اضافہ ہوا۔

سالانہ بنیادوں پر آلو کی قیمت میں گزشتہ سال کی اسی مدت کے مقابلہ میں 21.80 فیصد اور دال مونگ کی قیمت میں 20.20 فیصد کمی ریکارڈ کی گئی ہے۔

گزشتہ ہفتہ میں صارفین کیلئے قیمتوں کے حساس اشاریہ (ایس پی آئی) میں مجموعی طور پر 0.61 فیصد کا اضافہ ہوا۔ سب سے کم یعنی 17 ہزار 732 روپے ماہانہ آمدنی رکھنے والے گروپ کیلئے قیمتوں کے حساس اشاریہ میں 0.65 فیصد اضافہ ریکارڈ کیا گیا۔

17 ہزار 733 روپے سے لے کر 22 ہزار 888 روپے ماہانہ آمدنی والے گروپ کیلئے قیمتوں کے حساس اشاریہ میں 0.69 فیصد اضافہ ہوا۔

22 ہزار 889 روپے سے لے کر 29 ہزار 517 روپے آمدنی والے گروپ کیلئے قیمتوں کے حساس اعشاریہ میں 0.65 فیصد، 29 ہزار 518 روپے سے لے کر 44 ہزار 175 روپے ماہانہ آمدنی والے گروپ کیلئے قیمتوں میں 0.64 فیصد اور 44 ہزار 176 روپے اور اس سے زیادہ آمدنی والے گروپوں کیلئے قیمتوں کے حساس اشاریہ میں بالترتیب 0.56 فیصد اضافہ ہوا۔

جواب چھوڑیں

Please enter your comment!
Please enter your name here