پاکستان اور سعودی عرب کے درمیان تجارت کے حجم میں 61 فیصد اضافہ

جولائی 2020ء سے لے کر جون 2021ء تک سعودی عرب کو پاکستانی برآمدات میں 2.50 فیصد جبکہ سعودی عرب سے درآمدات میں 81.20 فیصد کی شرح سے اضافہ دیکھا گیا، سٹیٹ بینک  

961

اسلام آباد: پاکستان اور سعودی عرب کے درمیان دوطرفہ تجارت کے حجم میں گزشتہ مالی سال 2020-21ء کے دوران 61.06 فیصد کا نمایاں اضافہ ہوا ہے۔

گزشتہ مالی سال میں سعودی عرب کو پاکستانی برآمدات میں 2.50 فیصد جبکہ سعودی عرب سے درآمدات میں 81.20 فیصد کی شرح سے اضافہ دیکھا گیا۔

سٹیٹ بینک آف پاکستان (ایس بی پی) کی جانب سے اس حوالہ سے جاری کردہ تفصیلات کے مطابق جولائی 2020ء سے لے کر جون 2021ء کے اختتام تک سعودی عرب کو پاکستانی برآمدات کا حجم 46 کروڑ 57 لاکھ 90 ہزار ڈالر ریکارڈ کیا گیا۔

یہ بھی پڑھیے:

برآمدات ملکی تاریخ کی بلند ترین سطح 25.3 ارب ڈالر پر پہنچ گئیں

سٹیٹ بینک نے برآمدات سے متعلق فارن ایکسچینج مینوئل میں ترامیم کر دیں

یہ شرح پیوستہ مالی سال 2019-20ء کے مقابلہ میں 2.50 فیصد زیادہ ہے، جولائی 2019ء سے لے کر جون 2020ء کے اختتام تک سعودی عرب کو برآمدات سے پاکستانی برآمدکنندگان نے 45 کروڑ 44 لاکھ 20 ہزار ڈالر کا زرمبادلہ حاصل کیاتھا۔

ایس بی پی کی رپورٹ کے مطابق جون 2021ء میں سعودی عرب کو برآمدات سے پاکستان کو 3 کروڑ 66 لاکھ 10 ہزار ڈالر کا زرمبادلہ حاصل ہوا جو جون 2020ء کے مقابلہ میں زیادہ ہے، گزشتہ سال جون میں سعودی عرب کو 3 کروڑ 55 کروڑ 50 لاکھ ڈالر کی برآمدات ریکارڈ کی گئیں تھیں۔

اعدادوشمار کے مطابق گزشتہ مالی سال 2020-21ء کے دوران سعودی عرب سے درآمدات میں پیوستہ مالی سال 2019-20ء کے مقابلہ میں 81.20 فیصد اضافہ ہوا۔

جولائی 2020ء سے لے کر جون 2021ء تک سعودی عرب سے پاکستان نے 2 ارب 38 کروڑ 90 لاکھ ڈالر کی مصنوعات درآمد کیں جبکہ جولائی 2019ء سے جون 2020ء تک سعودی عرب سے درآمدات پر ایک ارب 31 کروڑ 80 لاکھ ڈالر صرف ہوئے تھے۔

ایس بی پی کے مطابق جون 2021ء میں سعودی عرب سے 28 کروڑ 34 لاکھ 80 ہزار ڈالر کی درآمدات ریکارڈ کی گئیں تھیں جو جون 2020ء کی 6 کروڑ 78 لاکھ 90 لاکھ ڈالر درآمدات کے مقابلے میں زیادہ ہیں۔

واضح رہے کہ گزشتہ مالی سال 2020-21ء کے اختتام پر پاکستان کی برآمدات پیوستہ مالی سال کے مقابلے میں 18 فیصد اضافے سے 25.3 ارب ڈالر تک پہنچ گئی تھیں جو پاکستان کی تاریخ میں سب سے بلند ترین شرح ہے۔ اس سے قبل 2013-14ء میں برآمدات 25.1 ارب ڈالر ریکارڈ کی گئیں تھیں۔

جواب چھوڑیں

Please enter your comment!
Please enter your name here