درآمدی بل میں 47 فیصد اضافے کی وجہ سے تجارتی خسارہ 85 فیصد بڑھ گیا

جولائی 2021ء میں برآمدات 2 ارب 33 کروڑ ڈالر جبکہ درآمدات 5 ارب 43 کروڑ 40 لاکھ ڈالر ریکارڈ کی گئیں، تجارتی خسارہ 3 ارب 10 کروڑ 40 لاکھ ڈالر تک جا پہنچا

907

اسلام آباد: مالی سال 2021-22ء کے پہلے ماہ (جولائی) کے دوران پاکستان کے درآمدی بل میں 47 فیصد اضافے کی وجہ سے تجارتی خسارہ 85.53 فیصد بڑھ گیا۔

ادارہ برائے شماریات پاکستان (پی بی ایس) کے جاری کردہ اعدادوشمار کے مطابق جولائی 2021ء کے دوران تجارتی خسارہ 3 ارب 10 کروڑ 40 لاکھ ڈالر ریکارڈ کیا گیا جو جولائی 2020ء کے ایک ارب 67 کروڑ 30 لاکھ ڈالر کے مقابلے میں 85.53 فیصد زیادہ ہے۔

پی بی ایس کے مطابق مالی سال 2021-22ء کے پہلے ماہ کے دوران درآمدی بل 5 ارب 43 کروڑ 40 لاکھ ڈالر تک جا پہنچا جو مالی سال 2020-21ء کے پہلے ماہ کے 3 ارب 67 کروڑ 40 لاکھ ڈالر درآمدی بل کے مقابلے میں 47.9 فیصد زیادہ ہے۔

یہ بھی پڑھیے:

’مجموعی قومی برآمدات میں ٹیکسٹائل کی 25 مقامی کمپنیوں کا حصہ 21 فیصد رہا‘

نئے مالی سال کے پہلے ماہ 278 ملین ڈالر کی برآمدات کیساتھ ’مانچسٹر آف پاکستان‘ بازی لے گیا

جولائی 2021ء کے دوران ملکی برآمدات میں سالانہ بنیادوں پر 16.44 فیصد اضافہ ہوا اور یہ جولائی 2020ء کی 2 ارب ڈالر برآمدات کے مقابلے میں جولائی 2021ء میں 2 ارب 33 کروڑ ڈالر تک جا پہنچیں۔

تاہم ماہانہ بنیادوں پر قومی برآمدات میں 14.59 فیصد کمی ہوئی اور جون میں 2 ارب 72 کروڑ 80 لاکھ ڈالر کی برآمدات کے مقابلے میں جولائی میں 2 ارب 33 کروڑ ڈالر کی برآمدات ریکارڈ کی گئیں۔

پی بی ایس کے اعدادوشمار سے مزید معلوم ہوتا ہے کہ ماہانہ بنیادوں پر درآمدات میں بھی 14.45 فیصد کمی دیکھی گئی اور جون 2021ء کی 6 ارب 35 کروڑ 20 لاکھ ڈالر درآمدات کے مقابلے میں جولائی میں کم ہو کر 5 ارب 43 کروڑ 40 لاکھ ڈالر ریکارڈ کی گئیں۔

اعدادوشمار کے مطابق ماہانہ بنیاد پر تجارتی خسارہ میں 14.35 فیصد کمی دیکھنے میں آئی اور جون 2021ء میں 3 ارب 62 کروڑ 40 لاکھ ڈالر کے تجارتی خسارہ کے مقابلے میں یہ جولائی 2021ء کے دوران کم ہو کر 3 ارب 1 کروڑ 40 لاکھ ڈالر ریکارڈ کیا گیا۔

واضح رہے کہ گزشتہ مالی سال 2020-21ء کے اختتام پر ملک کو 31 ارب 5 کروڑ 70 لاکھ ڈالر تجارتی خسارے کا سامنا کرنا پڑا تھا جو پیوستہ مالی سال 2019-20ء کے 23 ارب 15 کروڑ 90 لاکھ ڈالر کے مقابلے میں 34.10 فیصد زیادہ تھا۔

یاد رہے کہ 2 اگست کو وزیراعظم کے مشیر برائے تجارت و سرمایہ کاری عبدالرزاق دائود نے ایک ٹویٹ میں کہا تھا کہ نئے مالی سال 2021-22ء کے پہلے ماہ (جولائی) کے دوران قومی برآمدات میں 17.3 فیصد اضافہ ہوا ہے، یہ جولائی 2020ء کے دو ارب ڈالر کے مقابلے میں جولائی 2021ء میں 2 ارب 35 کروڑ ڈالر ریکارڈ کی گئی ہیں، اور یہ کسی بھی مالی سال کے پہلے مہینے میں برآمدات میں سب سے بڑا اضافہ ہے۔

تاہم پی بی ایس کے اعدادوشمار سے ظاہر ہوتا ہے کہ برآمدات میں 16.44 فیصد اضافہ ہوا اور یہ جولائی 2020ء کی 2 ارب ڈالر برآمدات کے مقابلے میں جولائی 2021ء میں 2 ارب 33 کروڑ ڈالر ریکارڈ کی گئیں۔

جواب چھوڑیں

Please enter your comment!
Please enter your name here