ڈیم فنڈ میں صرف 7 لاکھ روپے باقی رہ گئے، 12 ارب کہاں گئے؟

1920

لاہور: سپریم کورٹ آف پاکستان کی جانب سے قائم کردہ ڈیم فنڈ کے اربوں روپے سرمایہ کاری میں استعمال کرنے کا انکشاف ہوا اور اب اس فنڈ میں 7 لاکھ 99 ہزار روپے باقی بچے ہیں۔

نجی ٹی وی چینل کے مطابق بدھ کے روز قومی اسمبلی اجلاس میں سوالات کے دوران وفاقی وزیر برائے آبی وسائل مونس الہٰی نے ایک سوال کے جواب میں تحریری طور پر بتایا کہ دیامر بھاشا اور مہمند ڈیم کی تعمیر کے لیے جمع کی گئی رقم سے ٹریژری بلز میں سرمایہ کاری کر دی گئی ہے جس کا حجم 12 ارب 93 کروڑ 40 لاکھ روپے سے زائد ہے۔

یاد رہے کہ سابق چیف جسٹس ثاقب نثار نے 10 جولائی 2018 کو ملک میں آبی وسائل کے فروغ کیلئے دیامر بھاشا اور مہمند ڈیم کی تعمیر کے لیے ایک فنڈ قائم کیا تھا۔

نجی ٹی وی نے وفاقی وزیر مونس الٰہی کے حوالے سے بتایا کہ سپریم کورٹ کی ویب سائٹ سے حاصل کردہ معلومات کے مطابق فنڈ میں کل 12 ارب 93 کروڑ 40 لاکھ سے زائد رقم جمع ہوئی تھی تاہم اب 7 لاکھ 99 ہزار 358 روپے موجود ہیں۔

ادھر وزار ت آبی وسائل کے ترجمان نے کہا ہے کہ قومی اسمبلی میں دیامیر بھاشا ڈیم کیلئے جمع فنڈز کے حوالہ سے سوال کے جواب کو میڈیا میں سیاق و سباق سے ہٹ کر پیش کیا گیا ہے۔

ایک بیان میں ترجمان نے کہا کہ سپریم کورٹ نے دیامیر بھاشا ڈیم اور مہمند ڈیم کیلئے وزیراعظم و چیف جسٹس آف پاکستان فنڈ قائم کیا تھا اور سپریم کورٹ ہی اس کی نگران ہے۔

ترجمان نے کہا کہ وزارت آبی وسائل یا واپڈا کا اس فنڈ میں کوئی کردار نہیں، قومی اسمبلی میں جو اعدادوشمار پیش کئے گئے ہیں وہ سپریم کورٹ کی ویب سائٹ سے لئے گئے ہیں اور وہ آن لائن دستیاب ہیں۔

جواب چھوڑیں

Please enter your comment!
Please enter your name here