کینیڈا نے پی آئی اے کے آپریشنل معاملات کو عالمی معیار کے مطابق قرار دے دیا

988

اسلام آباد: پاکستان انٹرنیشنل ائیرلائن (پی آئی اے) آپریشنل معاملات کو کینیڈین ائیر ٹرانسپورٹ کمپنی کی جانب سے سیفٹی آڈٹ کے بعد عالمی معیار کے مطابق قرار دے دیا گیا۔

کینیڈین ایئر ٹرانسپورٹ کمپنی نے پی آئی اے کا سیفٹی آڈٹ مکمل کرکے رپورٹ جاری کر دی۔ قومی ائیرلائن کے ترجمان عبداللہ خان کی طرف سے جاری اعلامیہ کے مطابق پی آئی اے سے متعلق اچھی خبر موصول ہوئی ہے اور قومی پرچم بردار نے فلائٹ اور ایئر وردیننس آپریشن سے متعلق تمام تحفظات دور کر دئیے ہیں۔

کینیڈین حکام نے اپنی رپورٹ پی آئی اے کے چیف ایگزیکٹو آفیسر ائیر مارشل ارشد ملک کو ارسال کی ہے۔ ترجمان نے بتایا کہ پاکستان پر یورپی ایجنسی کی جانب سے پابندی کے بعد ٹرانسپورٹ کینیڈا نے اگست 2020ء میں پی آئی اے کا علیحدہ سے آڈٹ کیا ہے، یہ آڈٹ کینیڈا ٹرانسپورٹ کے فارن آپریشن ڈویژن ایئر وردیننس نے مکمل کیا۔

پی آئی اے نے فلائٹ اور ایئر وردیننس آپریشن سے متعلق تمام تحفظات دور کر دئیے ہیں اور گزشتہ سال میں پی آئی اے نے فلائٹ سیفٹی سے متعلق اپنی کارکردگی کو بڑھایا ہے جس کا اعتراف کینیڈا ٹرانسپورٹ آڈٹ کی رپورٹ میں کیا گیا ہے۔

ترجمان پی آئی اے نے بتایا کہ کینیڈا ٹرانسپورٹ آڈٹ رپورٹ میں اس امید کا اظہار کیا گیا ہے کہ پی آئی اے فلائٹ آپریشن کی اس کارکردگی کو برقرار رکھے گی۔ کینیڈا ٹرانسپورٹ نے یہ آڈٹ بین الاقوامی شہری ہوابازی کے ادارے کے مخصوص ائیر وردی نیس سے متعلق قواعد کے تحت کیا ہے۔

اس سے قبل ایاٹا آپریشنل سیفٹی آڈٹ (آئی او ایس اے) پی آئی اے کو 2023ء تک آپریشنل سیفٹی سرٹیفیکیٹ جاری کر چکا ہے۔  واضح رہے کہ پی آئی اے نے اپنا فضائی آپریشن کینیڈا کیلئے برقرار رکھا ہوا ہے۔

جواب چھوڑیں

Please enter your comment!
Please enter your name here