نیپرا نے فیول پرائس ایڈجسٹمنٹ کی مد میں بجلی کی قیمت میں کمی کی منظوری دیدی

بجلی کی قیمت میں کمی سے صارفین کو مجموعی طور پر 2 ارب 60 کروڑ روپے کا فائدہ ہو گا جو اگست کے بلوں میں منتقل کیا جائے گا

759

اسلام آباد: نیشنل الیکٹرک پاور ریگولیٹری اتھارٹی (نیپرا) نے جون کیلئے فیول پرائس ایڈجسٹمنٹ کی مد میں بجلی کی قیمت میں 19 پیسے کمی کی منظوری دے دی۔

نیپرا اعلامیہ کے مطابق بجلی کی قیمت میں کمی سے صارفین کو 2 ارب 60 کروڑ روپے کا فائدہ ہو گا۔ فیول پرائس ایڈجسٹمنٹ کی مد میں یہ فائدہ اگست کے بلوں میں منتقل کیا جائے گا۔

تاہم یہ سہولت 50 یونٹ تک بجلی استعمال کرنے والے لائف لائن صارفین، 300 یونٹ تک بجلی استعمال کرنے والے گھریلو صارفین، زرعی صارفین اور انڈسٹریل سپورٹ پیکیج حاصل کرنے والے صنعتی صارفین کو حاصل نہیں ہو گی۔

ٹائم آف یوز میٹر استعمال کرنے والے گھریلو صارفین پر فیول پرائس ایڈجسٹمنٹ میں کمی کا اطلاق ہو گا۔ نیپرا نے 28 جولائی کو اس سلسلہ میں سنٹرل پاور پرچیزنگ ایجنسی کی درخواست پر سماعت کی تھی۔

دوسری جانب نیپرا نے جنوری سے جون 2021ء تک کی مدت کیلئے کے الیکٹرک صارفین کیلئے بھی فیول پرائس ایڈجسٹمنٹ کی منظوری دی ہے۔

نیپرا کی جانب سے جاری کردہ اعلامیہ کے مطابق کے الیکٹرک صارفین کیلئے جنوری کیلئے ٹیرف میں ایک روپے 25 پیسے، فروری کیلئے 2 روپے 9 پیسے اور مارچ کیلئے ایک روپے 94 پیسے کا اضافہ کیا گیا ہے جبکہ اپریل کیلئے بجلی کی قیمت میں 0.549 روپے، مئی کیلئے 0.949 روپے اور جون کیلئے 0.150 روپے فی یونٹ کمی کی گئی ہے۔

جواب چھوڑیں

Please enter your comment!
Please enter your name here