امریکی صدر کا ملک میں فروخت ہونے والی نصف کاریں ’زیرو ایمیشن‘ پر منتقلی کا اعلان

759

واشنگٹن: امریکا کے صدر جوبائیڈن نے ملک میں فروخت ہونے والی کاروں میں سے نصف کو 2030ء کے آخر تک زیرو ایمشن (zero emission) کی سطح پر لانے کے منصوبے کا اعلان کیا ہے۔

صدر جوبائیڈن کا کہنا ہے کہ یہ اقدام چین اور دیگر ممالک کے ساتھ مقابلہ کا ایک طریقہ ہے جو الیکٹرک گاڑیوں میں سرمایہ کاری کر رہے ہیں، اس سے امریکی ٹرانسپورٹ سیکٹر کو بھی تبدیل کرنا مقصود ہے جو کاربن گیسوں کے اخراج کا سب سے بڑا ذریعہ ہے۔

فرانسیسی خبر رساں ادارے کے مطابق صدر جوبائیڈن نے وائٹ ہائوس میں ڈیٹرائٹ میں قائم موٹرساز کمپنیوں کے سربراہان سے ملاقات کی اور ماحول دوست گاڑیوں کے فروغ کے حوالے سے بات چیت کی۔

جو بائیڈن کا کہنا تھا کہ ’میرے ذہن میں آٹو سیکٹر کے حوالے سے ایک وژن موجود ہے جس کے مطابق امریکا میں مستقبل کی آٹو موبائل انڈسٹری مکمل طور پر تبدیل ہو جائے گی، دس سال سے بھی کم عرصے میں ہمارے ملک میں 50 فیصد گاڈیاں برقی بیٹری، پلگ اِن ہائبرڈ یا پھر فیول سیل پر منتقل ہو جائیں گی۔‘

یہ بھی پڑھیے:

روس کا الیکٹرک طیارے متعارف کرانے کا اعلان

ائیربس نے ہائیبرڈ الیکٹرک ائیرکرافٹ ٹیکنالوجی پر کام شروع کر دیا

’رواں سال پاکستان میں الیکٹرک گاڑیوں کی تیاری شروع ہو جائے گی‘

پاکستان کی پہلی ماحول دوست الیکٹرک موٹرسائیکل کا افتتاح 

انہوں نے کہا کہ ’ہم نے الیکٹرک گاڑیوں کی سمت آگے بڑھنا ہے اور روایتی ایندھن کی طرف واپس نہیں آنا، سوال یہ ہے کہ ہم نے اس شعبے میں قیادت کرنی ہے یا دوسروں (یورپ اور چین) سے پیچھے رہنا ہے۔‘

صدر جوبائیڈن کے اس اعلان کو ماہرین ماحولیات نے کسی قدر سراہتے ہوئے کہا ہے کہ سابق صدر ٹرمپ کے ماحولیات مخالف اقدامات کے جواب میں جوبائیڈن انتظامیہ کی یہ اچھی کوشش ہے تاہم ماحولیات کی بدلتی ہوئی صورت حال کے باعث اس شعبے میں مزید اقدامات کی ضرورت ہے۔

سیرا کلب کی کیتھرائن گارشیا نے صدر جو بائیڈن کے اعلان کو آٹو مینوفیکچررز کے لیے معنی خیز اشارہ قرار دیتے ہوئے کہا کہ اس کا ہدف بڑھا کر 60 فیصد تک رکھنا چاہیے اور اس کی تکمیل گیس کے اخراج سے پاک اور معیاری گاڑیوں کی تیاری سے کی جانی چاہیے۔

واضح رہے کہ امریکا سمیت دنیا بھر میں الیکٹرک گاڑیوں کے استعمال میں اضافہ ہو رہا ہے، سال 2020ء کے دوران امریکا میں کل فروخت ہونے والی گاڑیوں میں کا دو فیصد برقی گاڑیاں فروخت ہوئیں، اس شعبے کے فروغ اور صارفین کو الیکٹرک گاڑیوں کی خریداری پر قائل کرنے کے لیے امریکی حکومت کو چارجنگ سٹیشنز کے قیام کے علاوہ دیگر انفراسٹرکچر پر سرمایہ کاری کرنا ہو گی۔

دوسری جانب امریکا کی تین بڑی آٹو کمپنیوں جنرل موٹرز، فورڈ اور سٹیلانٹس (Stellantis ) نے الیکٹرک وہیکلز کے شعبے میں نئے اہداف کے ساتھ سرمایہ کاری میں نمایاں طور پر اضافہ کرنے کا اعلان کرتے ہوئے کہا ہے کہ وہ 2030ء تک اپنی 40 فیصد سے 50 فیصد تک الیکٹرک گاڑیاں فروخت کریں گے۔

جواب چھوڑیں

Please enter your comment!
Please enter your name here