’فارچون گلوبل 500 میں شامل چینی کمپنیوں میں سے نصف پاکستان میں کام کر رہی ہیں‘

632

اسلام آباد: سال 2021ء کے لیے فارچون گلوبل 500 میں جگہ بنانے والے 143 چینی کاروباری اداروں اور کمپنیوں میں سے نصف سے زیادہ نے پاکستان میں سرمایہ کاری کر رکھی ہے یا کاروبار کر رہے ہیں۔

تازہ ترین رپورٹ کے مطابق ان میں سے کچھ کمپنیاں پاکستان میں توانائی، انفراسٹرکچر، آٹوموبائل اور ٹیلی کمیونی کیشن کے شعبوں میں جبکہ کئی ایک سی پیک کے تحت مختلف منصوبوں میں شراکت دار ہیں۔

چین کی تین کمپنیوں چائنا نیشنل پٹرولیم، سینو پیک گروپ اور سٹیٹ گرڈ کارپوریشن آف چائنا نے فارچون گلوبل 500 کی ٹاپ 10 کمپنیوں میں جگہ بنائی ہے۔

ان میں سے سٹیٹ گرڈ کارپوریشن آف چائنا پاکستان میں سی پیک کے تحت قائم ہونے والی مٹیاری لاہور ہائی وولٹیج ٹرانسمیشن لائن میں شراکت دار ہے جبکہ دیگر دونوں کمپنیاں بھی کسی نہ کسی منصوبے کا حصہ ہیں، اس سے ظاہر ہوتا ہے کہ چین پاکستان کی اقتصادی ترقی میں دیرپا دلچسپی رکھتا ہے۔

دوسری جانب شنگھائی انسٹی ٹیوٹ فار انٹرنیشنل سٹڈیز میں قائم ریسرچ سینٹر فار چائنا سائوتھ ایشیا کوآپریشن نے کہا ہے کہ پاکستان اور چین کی دوستی نے سی پیک کے تحت خاص طور پر تجارت کے شعبے میں خاطر خواہ پیش رفت کی ہے۔

ایک سیمینار سے خطاب کرتے ہوئے سینٹر کے سیکریٹری جنرل لیو زونگئی نے کہا کہ گوادر میں مختلف شعبوں سے وابستہ چینی صنعتی ادارے قائم ہوئے ہیں اور مختلف شعبوں میں مقامی کمپنیوں کے ساتھ تعاون کر رہے ہیں۔ چین ماہی گیری کے لیے کولڈ سٹوریج کی سہولیات بھی فراہم کر رہا ہے۔

چین کی رینمین یونیورسٹی میں چونگ یانگ انسٹی ٹیوٹ فار فنانشل سٹڈیز کے سینئر محقق چا رونگ نے بھی کہا کہ تعاون بڑھانے کے لیے دونوں اطراف سے انٹرپرائزز کے مزید تعاون کی ضرورت ہے۔

جواب چھوڑیں

Please enter your comment!
Please enter your name here