گوگل اور فیس بک ملازمین کے لیے کورونا ویکسین لازمی قرار

599

سان فرانسسکو: امریکی انٹرنیٹ سرچ انجن گوگل اور سوشل میڈیا کمپنی فیس بک نے کورونا وائرس سے بچاﺅ کے اقدام کے تحت  دفاتر آنے والے والے اپنے ملازمین کے لیے ویکسین کی شرط لازمی قرار دے دی۔

فرانسیسی خبر رساں ادارے کے مطابق امریکا میں کورونا وائرس کی نئی قسم ڈیلٹا کے باعث متاثرہ کیسز میں اضافے پر تشویش کا اظہار کیا گیا ہے۔

گوگل کے چیف ایگزیکٹو سندر پیچائی کے مطابق ’ویکسین نہ لگوانے والے ملازمین کو دفتر آنے کی اجازت نہیں ہو گی، عالمی سطح پر گوگل کے ملازمین کیلئے ورک فراہم ہوم کی پالیسی میں 18 اکتوبر 2021ء تک توسیع ہو سکے گی، دفتر میں آ کر کام کرنے کے خواہشمند ملازمین کو ویکسین لگوانا ضروری ہو گی۔‘

انہوں نے کہا کہ ہم اپنی اس پالیسی کا دائرہ کار آئندہ ہفتوں میں امریکا میں اور آئندہ آنے والے مہینوں میں دیگر خطوں تک بڑھائیں گے تاہم اس پالیسی کا نفاذ ویکسین کی فراہمی اور درپیش مقامی صورت حال کے مطابق کیا جائے گا لہٰذا انہیں امید ہے کہ جب دفاتر دوبارہ کھلیں گے تو اس اقدام سے ہر کسی کو اطمینان ہو گا۔

ادھر فیس بک کی جانب سے بھی امریکا سمیت دنیا بھر میں اپنے دفاتر میں کام کرنے والے چھوٹے بڑے عملے کے ارکان کیلئے ویکسین لگوانا لازمی قرار دیا گیا ہے۔

فیس بک انتظامیہ نے اپنے ملازمین سے اپیل کی ہے وہ ویکسین لگوا کر دفاتر میں اپنے ساتھیوں اور گھروں میں اہلخانہ کو محفوط رکھنے میں کردار ادا کریں۔

دوسری جانب امریکی حکومت نے کورونا وائرس کی نئی قسم ڈیلٹا کے پھیلائو سے نمٹنے کے لئے اقدامات تیز کر دیئے ہیں۔

صدر جو بائیڈن نے قوم سے خطاب کرتے ہوئے کہا ہے کہ ہر امریکی وفاقی کارکن مکمل طور پر اپنی ویکسینشن کروائے، ماسک پہنیں اور کورونا وائرس کے ٹیسٹ بھی کروائیں۔

انہوں نے انتظامیہ کے نئے اقدامات کے حوالے سے اپنے خطاب میں کہا کہ معاشرے، کاروبار اور سکولوں کو بند کرنے سے بچانے کے لیے ہمارے پاس اقدامات موجود ہیں، ابھی ہم مکمل طور پر کورونا کے خطرے سے باہر نہیں نکلے، ہمیں کورونا وائرس کی نئی لہر کے پھیلائو کے خلاف اقدامات تیز کرنا ہوں گے۔

صدر نے مزید کہا کہ ابھی تک ویکسین نہ لگوانے کو کو دفتروں میں ماسک پہننے کا پابند ہونا ہو گا اور سماجی فاصلے کا خیال رکھنا ہو گا کیونکہ کورونا ڈیموکریٹ اور ریپبلکن ریاست کا نہیں، زندگی اور موت کا مسئلہ ہے۔

جوبائیڈن نے کہا کہ وائٹ ہاوس کے 40 لاکھ وفاقی ملازمین اور آن سائٹ کنٹریکٹرز سے مکمل ویکسین کی جانچ پڑتال کی جائے گی، وہ افراد جنہوں نے مکمل طور پر ویکسین نہیں کروائی انہیں لازمی ماسک پہننے کے ساتھ کام کے دوران دوسر ے افراد کے ساتھ سماجی فاصلہ رکھنا ہوگا اور ہفتے میں ایک سے دو مرتبہ لازمی کورونا ٹیسٹ کروانا ہو گا۔

جواب چھوڑیں

Please enter your comment!
Please enter your name here