اسلام آباد: وفاقی حکومت نے ایک بار پھر پٹرول کی قیمتوں میں اضافہ کر دیا جبکہ مارکیٹنگ کمپنیوں نے سرکاری نوٹیفکیشن کے بغیر ایل پی جی کی قیمت بھی بڑھا دی ہے۔
جمعہ کو وزیراعظم کے معاون خصوصی برائے سیاسی امور ڈاکٹر شہباز گل نے اپنے ایک ٹویٹ میں بتایا کہ اوگرا کی سفارش پر پٹرول کی قیمت میں 1.71 روپے فی لٹر اضافہ کیا جا رہا ہے جبکہ ڈیزل کی قیمت میں کسی قسم کا اضافہ نہیں کیا جا رہا۔
ڈاکٹر شہباز گل کا کہنا تھا کہ ڈیزل کی قیمتوں میں اضافے سے عام آدمی اور کسان زیادہ متاثر ہوتا ہے اس لئے ڈیزل کی قیمتوں میں اضافے کی سمری مسترد کر دی گئی ہے جبکہ نئی قیمتوں کا اطلاق یکم اگست سے ہو گا۔
اوگرا کی سفارش پر پٹرول کی قیمت میں فی لیٹر 1.71 روپے کا اضافہ کیا جا رہا ہے
جبکہ ڈیزل کی قیمتوں میں کسی قسم کا اضافہ نہیں کیا جا رہا۔
ڈیزل کی قیمتوں میں اضافے سے عام آدمی اور کسان زیادہ متاثر ہوتا ہے اس لئے ڈیزل کی قیمتوں میں اضافے کی سمری مسترد کر دی گئی ہے pic.twitter.com/f9mlC2Yhlw
— Dr. Shahbaz GiLL (@SHABAZGIL) July 30, 2021
ڈاکٹر شہباز گل اپنی ٹویٹ میں مزید کہا کہ 26 جولائی کے ڈیٹا کے مطابق دنیا کے 27 ممالک میں پٹرول کی قیمت پاکستان سے کم اور 140 ممالک میں پاکستان سے زیادہ ہے۔
انہوں نے کہا کہ دنیا میں پٹرول کی اوسط قیمت 1.19 ڈالر فی لٹر لیکن پاکستان میں پٹرول کی قیمت 0.72 ڈالر فی لٹر ہے، دنیا میں پٹرولیم مصنوعات کی قیمتوں میں 47 فیصد اضافہ ہوا لیکن پاکستان میں 11 فیصد اضافہ ہوا۔
ڈاکٹر شہباز گل کا کہنا تھا کہ جن 27 ممالک میں قیمتیں پاکستان سے کم ہیں اُن میں سے زیادہ تر ممالک پٹرولیم مصنوعات میں خود کفیل ہیں- اس وقت پٹرولیم پراڈکٹس پر حکومت پاکستان تقریباً صفر کے قریب ٹیکس وصول کر رہی ہے۔ کورونا کی وجہ سے پوری دنیا مہنگائی کی زد میں ہیں۔
پیٹرول کی قیمت 1.71 روپے فی لیٹر اضافے کے بعد نئی قیمت 11.80 روپے فی لٹر ہو گی۔ ہائی سپیڈ ڈیزل کی قیمت 116.23 روپے فی لٹر جبکہ لائٹ ڈیزل کی قیمت 84.67 روپے فی لٹر پر برقرار ہے۔
واضح رہے کہ حکومت ہر 15 روز بعد پٹرولیم مصنوعات کی قیمتوں کا اعلان کرتی ہے تاہم وزرات خزانہ کی جانب سے ابھی تک پیٹرولیم مصنوعات کی قیمتوں میں ردوبدل کا نوٹی فکیشن جاری نہیں کیا گیا۔
ایل پی جی کی قیمت میں بھی اضافہ
ملک میں پٹرول کی قیمتوں میں اضافہ کے بعد ایل پی جی کی قیمت میں اضافہ کر دیا گیا۔
اس حوالے سے چیئرمین ایل پی جی ڈیلرز ایسوسی ایشن عرفان کھوکھر نے بتایا کہ مارکیٹنگ کمپنیوں نے اوگرا کی جانب سے کسی قسم کے نوٹی فکیشن کے بغیر ہی ایل پی جی کی قیمت میں 10 روپے فی کلو اضافہ کر دیا ہے۔
عرفان کھوکھر نے کہا کہ ملک بھر میں ایل پی جی کی قیمت 180 روپے فی کلو ہو گئی ہے جس کے بعد گھریلو سلنڈر 2 ہزار 110 روپے اور کمرشل سلنڈر 8 ہزار 80 روپے کا ہو گیا۔
ان کا کہنا تھا کہ لاہور اور گلگت بلتستان میں ایل پی جی 200 روپے فی کلو ہو گئی جبکہ گھریلو سلنڈر2350 روپے اور کمرشل سلنڈر 9 ہزار روپے تک پہنچ گیا ہے۔