فارما سیوٹیکل مصنوعات کی برآمدات 28 فیصد اضافہ سے 270 ملین ڈالر ریکارڈ

736

اسلام آباد: گزشتہ مالی سال 2020-21ء کے دوران پاکستان سے فارما سیوٹیکل مصنوعات کی برآمدات میں 28.46 فیصد کا اضافہ ریکارڈ کیا گیا ہے۔

پاکستان بیورو برائے شماریات کے اعدادوشمار کے مطابق گزشتہ مالی سال جولائی 2020ء سے لے کر جون 2021ء تک فارماسیوٹیکل مصنوعات کی برآمدات سے ملک کو 27 کروڑ 1 لاکھ 42 ہزار (270.142 ملین) ڈالر کا زرمبادلہ حاصل ہوا جو پیوستہ مالی سال کے مقابلہ میں 28.46 فیصد زیادہ ہے۔

مالی سال 2019-20ء میں فارما سیوٹیکل مصنوعات کی برآمدات سے ملک کو 21 کروڑ 2 لاکھ 90 ہزار ڈالر کا زرمبادلہ حاصل ہوا تھا۔

مقدار کے لحاظ سے گزشتہ مالی سال کے دوران فارماسیوٹیکل مصنوعات کی برآمدات میں 59.62 فیصد اضافہ ریکارڈ کیا گیا۔

جولائی 2020ء سے لے کر جون 2021ء تک کی مدت میں مجموعی طور پر 24 ہزار 855 میٹرک ٹن فارماسیوٹیکل  مصنوعات کی برآمدات ریکارڈ کی گئیں جبکہ پیوستہ مالی سال میں 15 ہزار 571 میٹرک ٹن فارما مصنوعات کی برآمدات ہوئیں۔

پی بی ایس کے اعدادوشمار کے مطابق جون 2021ء میں فارما مصنوعات کی برآمدات سے ملک کو 2 کروڑ 93 لاکھ 60 ہزار ڈالر کا زرمبادلہ حاصل ہوا جو جون 2020ء کے ایک کروڑ 77 لاکھ 50 ہزار ڈالر کے مقابلہ میں 65.35 فیصد زیادہ ہے۔

جواب چھوڑیں

Please enter your comment!
Please enter your name here